آئیبا ورلڈ چیمپئن شپ،پاکستانی باکسر محمد وسیم کوریا میں ٹریننگ میں مصروف
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستانی باکسر محمد وسیم آئندہ برس شیڈول ریو اولمپکس گیمز میں جگہ بنانے کا خواب آنکھوں میں سجائے کوریا میں سخت ٹریننگ میں مصروف ہیں۔ انچیون کے مقام پر وسیم نے گزشتہ برس ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ رواں برس اکتوبر میں شیڈول آئیبا ورلڈ چیمپئن شپ ریو اولمپکس گیمز کا پہلا کوالیفائنگ راؤنڈ ہو گا۔ محمد وسیم، اویس علی خان، گلزیب اور احمد علی کے ہمراہ کوریا میں ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کوریا میں ٹریننگ کا موقع ملنا اعزاز کی بات ہے، میرا ہدف اولمپکس گیمز میں جگہ بنانا ہے اور مقصد کے حصول کیلئے میں سرتوڑ کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ چیمپئن شپ بڑا ایونٹ ہے اس کیلئے صرف دو ہفتوں کی ٹریننگ کافی نہیں ہو گی، امید ہے کہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن میگا ایونٹ سے قبل ہمیں زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل تجربہ حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرے گی۔