سروسزکی برآمدات کیلئے نئی منڈیاں تلاش کی جارہی ہیں، وفاقی وزیر خرم دستگیر

سروسزکی برآمدات کیلئے نئی منڈیاں تلاش کی جارہی ہیں، وفاقی وزیر خرم دستگیر

اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ سروسز کی برآمدات کیلئے نئی منڈیاں تلاش کی جارہی ہیں۔ اس سلسلے میں سروسز کی تجارت میں اضافے کیلئے مجوزہ بین الاقوامی معاہدے کی شرائط کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ اس عالمی معاہدے کیلئے پاکستان کے تمام سروسز سیکٹرز کو اعتماد میں لیں گے۔ پاکستان کا سروسز سیکٹر تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور برآمدات میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں، حال ہی میں سروسز کی برآمدات میں اضافے کیلئے سروسز ٹریڈ ڈیو لپمنٹ کونسل کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔ جو سروسز کی تجارت میں اضافے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ سروسز کی برآمدات کیلئے نئی منڈیاں تلاش کی جارہی ہیں۔ اس سلسلے میں مجوزہ عالمی معاہدے کی شرائط کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے،معاہدے کیلئے ملکی سروسز سیکٹرز کو اعتماد میں لیں گے۔ پاکستان کے جی ڈی پی میں سروسز کا حصہ چوون اعشاریہ چھ فیصد ہے جبکہ سروسز کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافے کی گنجائش ہے۔ امریکا کے جی ڈی پی میں سروسز کا حصہ تریسٹھ اعشاریہ چھ فیصد جبکہ جاپان میں اکہتر اعشاریہ چار فیصد ہے۔

مزید : کامرس