آر سی سی آئی انڈسٹریل اسٹیٹ میں غلط میٹر ریڈنگ کی شکایات پر نیا سسٹم لانے کا فیصلہ

آر سی سی آئی انڈسٹریل اسٹیٹ میں غلط میٹر ریڈنگ کی شکایات پر نیا سسٹم لانے کا ...

راولپنڈی ( کامرس ڈیسک)جنرل منیجر (آپریشنز) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) واصف حسین خان نے کہا کہ آ رسی سی آئی انڈسٹریل اسٹیٹ روات میں محکمہ کی طرف سے غلط میٹر ریڈنگ روکنے کیلئے میٹر ریڈر کو موبائل فون سے ریڈنگ کی تصویر لینے کی ہدایات جاری کر دی ہیں ،ریڈنگ کی تصویر بل پر تاریخ اور وقت کے ساتھ پرنٹ ہو کر آئے گی تا کہ کسی بھی قسم کی غلط ریڈنگ اور محکمانہ غفلت کو روکا جا سکے،تاجر برادری سے اوور بلنگ اور غلط ریڈنگ کی شکایات بڑھ گئی ہیں آئیسکو نے مذکورہ نظام کا فیصلہ کیا ہے ، آر سی سی آئی کی انڈسٹریل اسٹیٹ روات کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے  ، ان خیالات کا اظہارع انہوں نے راولپنڈی چیمبر کے دورے کے دوران صدر چیمبر سید اسد مشہدی اور دیگر سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اُن کے ساتھ سپر نٹنڈنٹ انجینئر راجہ اصغر علی اور انرجی کنزرویشن (انرکان) کی ٹیم بھی انکے ہمراہ تھی۔اس موقع پر سابق صدور سہیل الطاف، امان اللہ خان، نجم ریحان، ارکان مجلس عاملہ اور دیگر ممبران چیمبر بھی موجو دتھے۔واصف حسین نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ میں وولٹیج کی کمی اور ٹرپنگ پر قابو پانے کے اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ حکومت چیمبر کے توسط سے صنعتوں میں انرجی کی بچت کیلئے ایک جامع منصوبہ پر عمل پیرا ہے جس کے حوالے سے انرکان کی ٹیم تمام شرکاء کو منصوبے سے آگاہ کرے گی ،انرکان کی ٹیم نے پریزنٹیشن دیتے ہوئے کہا کہ انرجی آڈٹ سے حکومت توانائی کی بچت کرنا چاہتی ہے تا کہ توانائی کے ضیائع کو روکا جا سکے ،اس پروگرام میں انرکان کی ٹیم یا کنسلٹنٹ متعلقہ انڈسٹری یاق عمارت کا دورہ کریں گے اور جدید آلات سے معائنہ کرنے کے بعد مالکان کو بتائیں گے کہ کن اقدامات کے اٹھانے سے توانائی کی بچت کی جا سکتی ہے ،اُن کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے تحت 25فیصد تک توانائی کی بچت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے انرجی کنزرویشن ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام جلد عمل میں لایا جا رہا ہے ۔اس موقع پر صدر چیمبر سید اسد مشہدی نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئیسکو آر سی سی آئی انڈسٹریل اسٹیٹ روات کی کاروباری برادری کے مسائل کو تر جیحی بنیادوں پر حل کرے اور خاص طور پر رمضان المبارک میں انڈسٹری میں کام کرنے والے ورکرز کو سحر اور افطار میں ریلیف فراہم کرے، انہوں نے انر کان کی ٹیم کو پائلٹ پرا جیکٹ کے طور پر انڈسٹریل اسٹیٹ میں انرجی آڈٹ کے منصوبے کا آغاز کرن اچاہئے تا کہ دیگر تاجر برادری کو بھی رضا کارانہ طور پر انرجی آڈٹ پر رضامند کیا جا سکے ، اس حوالے سے صدر چیمبر کے موقف کو فوری طور پر قبول کرتے ہوئے انرکان ٹیم نے آر سی سی آئی انڈسٹریل اسٹیٹ کی ایک انڈسٹری کو بطور پائیلٹ پرا جیکٹ انرجی آڈٹ کیلئے منظور کر لیا ۔

مزید : کامرس