ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے کوڑا اٹھانے کیلئے خصوصی موٹر سائیل گاڑیاں متعارف کرا دیں
لاہور(جنرل رپورٹر)لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیوایم سی) نے اندرونِ شہر ویسٹ کلیکشن سسٹم کو بہتر اور موثربنانے کے لیے خصوصی طور پر تیار کردہ موٹر سائیکل گاڑیاں متعارف کرادیں۔ رکشہ گاڑیاں اندرون آبادی کی تنگ گلیوں سے کچرا اکٹھاکرنے کے لیے استعمال کی جائیں گی جس سے صفائی عملہ کو بہتر نتائج دینے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ اس سلسلے میں فورٹ روڈ پر افتتاحی و آگاہی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں حمزہ شہباز کے کوآرڈینیٹر وسیم قادر، سربراہ کمیونی کیشن ڈیپارٹمنٹ جمیل خاور اور سینئر منیجر آپریشنز سہیل ملک نے شرکت کی۔دیگر شرکا میں اسسٹنٹ منیجر اسد احمد ، محمد عمیر خان، رحمان راشد، اسسٹنٹ منیجر آپریشن حسان خالد، زونل افسرمحمد افتخار اور اسسٹنٹ منیجر البیراک سعدیہ رفیق شامل تھے۔ مہمانِ خصوصی وسیم قادر نے خود رکشہ چلا کر افتتاح کیا اور علاقہ میں ویسٹ کلیکشن آپریشن میں حصہ لیا۔ شرکا نے سوشل موبلائزروں پر مشتمل ٹیموں کے ہمراہ گھر گھر جا کر اہل علاقہ کو اس اہم اقدام پر معلومات وآگاہی دی ۔ترجمان و سربراہ کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ جمیل خاور کے مطابق ادارہ متعدد علاقوں میں صفائی کے معیار کو بہتر کرنے اور شہریوں کو صاف ماحول کی فراہمی کے ایسے مثبت اقدامات کرتا رہے گا۔