حکومت نئے ٹیکس لگانے کی بجائے وصولی کا نظام بہتر بنائے،خالد پرویز
لاہور ( وقائع نگار) صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز نے کہا ہے کہ حکومت نئے ٹیکس لگانے کی بجائے ٹیکس وصولی کا نظام بہتر بنائے اور جو لوگ ٹیکس چوری کرتے ہیں اُنہیں پکڑے ۔ پاکستان میں انکم ٹیکس دینے والے کل آبادی کا محض آدھ فیصد ہیں صرف نو لاکھ پاکستانی ٹیکس گوشوارے جمع کراتے ہیں اور 64ہزار رجسٹرڈ کمپنیوں میں سے صرف 15ہزار ٹیکس گوشوارہ داخل کراتی ہیں جبکہ ہر بڑے شہر میں ہزار ہا عالیشان بنگلے ، پلازے اور قیمتی گاڑیاں ہیں اور یہ دولت مند افراد کوئی ٹیکس دیے بغیر مزے کر رہے ہیں اور FBRانہیں ٹیکس نیٹ میں لانے کی بجائے ان ڈائریکٹ ٹیکسوں سے چھوٹے تاجروں اور عوام کا استحصال کر رہے ہیں ۔ حکومت آنے والے بجٹ میں ان ڈائریکٹ ٹیکس کم کرے ٹیکس ادائیگی کے مراحل آسان بنائے اور سمگلنگ کی روک تھام کرے ۔