اسلام دشمن قوتیں سعودی عرب کو عدم استحکام سے دوچار کرناچاہتی ہیں،حافظ عبدالکریم

اسلام دشمن قوتیں سعودی عرب کو عدم استحکام سے دوچار کرناچاہتی ہیں،حافظ ...

لاہور (نمائندہ خصوصی ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے ناظم اعلی ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ اسلام دشمن قوتیں سعودی مملکت کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کررہی ہیں ریاض کی مسجد میں حملہ قابل نفرت اورمجرمانہ فعل ہے جس کا اسلام یا مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔ مرکزی دفتر میں علماء کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ دھماکہ سعودی عرب میں فرقہ وارانہ فساد کرانے کی سازش ہے جو لوگ اس کھیل میں شریک ہیں انہیں سوچنا چاہیے کہ سعودی عرب پوری مسلم امہ کی محبتوں و عقیدت کا مرکز ہے وہاں فتنہ وفساد اور قتل و غارت گری کے خوفناک نتائج نکلیں گے جو لوگ ان حملوں میں ملوث ہیں وہ یقیناًدشمن کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں   اور اسلام کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں انہوں نے کہاکہ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے اور مسلم ملکوں میں کسی مسلمان کا قتل تو درکنار غیر مسلم کے قتل کی بھی اجازت نہیں دیتا۔مسلم ملکوں کا داخلی امن و استحکام بہت ضروری ہے۔ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی کو نقصان پہنچانے اور فرقہ واریت پھیلانے کی سازشیں کرنے والوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔سرزمین حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان پر فرض ہے۔ اس مسئلہ پر کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستا ن کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے اس عفریت سے چھٹکاراحاصل کرنے کی کوشش کرے اور اس سلسلہ میں ہر قسم کے وسائل اور ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1