حکومت تعلیم اور صحت کے بجٹ میں اضافہ کرے،میاں مقصود احمد

حکومت تعلیم اور صحت کے بجٹ میں اضافہ کرے،میاں مقصود احمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور( نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں تعلیم اور صحت کے بجٹ میں نمایاں اضافہ کرے بدقسمتی سے ہمارے ملک میں سب سے کم بجٹ انہی دو شعبوں میں رکھاجاتا ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز جماعت اسلامی کی ضلعی شوری ٰ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں جماعت اسلامی لاہور کے نائب امراء ذکراللہ مجاہد،خلیق احمد بٹ، مشتاق مانگٹ، میاں محمد رفیع، اور دیگر ممبران شوریٰ نے شرکت کی۔انھوں نے کہا کہ کسی بھی ملک وقوم کی اس وقت تک ترقی ممکن نہیں جب تک وہ تعلیم کے شعبے میں ترقی نہیں کرلیتاترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہونے کے لیے تعلیم کا فروغ انتہائی ضروری ہے۔ کیونکہ تعلیم انسان کو شعوربخشتی ہے   اور ہمارا دین بھی تعلیم کے حصول کو فرض قرار دیتا ہے، مگر پاکستان کی تو گنگا الٹی بہہ رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے سرکاری تعلیمی اداروں کی صورت حال انتہائی سنگین ہوچکی ہے۔ جس پر ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی اشد اورفوری ضرورت ہے۔ ہمارے تعلیمی شعبے پر اٹھنے والے ان گنت سوالوں کے جواب آخر کون دے گا؟ کیوں کہ ہمارے سرکاری تعلیمی ادارے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کا مقابلا نہیں کرپارہے ہیں؟اور ہمارے مستقبل کے معمار علم کی پیاس بجھانے کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں۔کاش ہمارا تعلیمی نظام ایسا ہوجائے کہ ہم بھی کہ سکیں کہ ہمارے ملک میں غریب اور امیر کا بچہ ایک ہی جگہ بیٹھے تعلیم حاصل کرتا ہے۔