وزارت حج کی سامان وزن کرنے کے مراکز کے قیام کی ہدایات جاری

وزارت حج کی سامان وزن کرنے کے مراکز کے قیام کی ہدایات جاری

مکہ مکرمہ ( بیورو چیف) حجاج کی ارض مقدس سے روانگی کے وقت ان کے سامان کا وزن مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ہوگا، ایئرپورٹ میں انتظار کی کوفت اوراژدھام سے بچنے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت حج نے اپنے ماتحت تمام اداروں کو سامان وزن کرنے کے مراکز کے قیام کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ عازمین حج کو ان مراکز میں بورڈنگ کارڈ بھی دئیے جائیں گے۔ وزارت حج کی ہدایات کے مطابق حجاج روانگی سے 48 گھنٹے پہلے ان مراکز میں جاکر اپنے سامان کا وزن کراکر ٹیگ حاصل کرسکتے ہیں۔ ان مراکز میں سفر کی تمام کاروائیاں مکمل کرنے کے بعد دستی سامان کے ساتھ ایئرپورٹ جائیں گے جہاں سیدھا امیگریشن کارروائی کے بعد جہاز میں سوار ہوسکیں گے ۔وزارت حج میں شعبہ حج کے سیکرٹری عبداللہ مرغلانی کے مطابق یہ فیصلہ ایئرپورٹ کے اندر اور باہر اژدھام سے بچنے کے لئے کیا گیا ہے۔ امید ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ میں سامان پہلے سے دئیے جانے کے بعد عازمین کیلئے سفری کارروائی میں بہت حد تک آسانی ہوجائے گی۔

مزید : عالمی منظر