روس کی چار روزہ بڑی فوجی مشق کا آغازہو گیا
ما سکو(آن لائن)روسی وزارت دفاع کے مطابق روسی فوج نے اپنی وسیع فوجی مشق شروع کر دی ہے جس میں تقریباً 250 جنگی طیارے اور 12 ہزار فوجی شرکت کر رہے ہیں۔وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اس مشق کا مقصد فوج کی جنگی تیاری کا اندازہ لگانا ہے۔خیال رہے کہ یہ فوجی مشق اسی دن شروع ہوئی ہے جب نیٹو اور اس کے اتحادیوں نے قطب شمالی میں تربیتی مشق کا آغاز کیا۔یوکرین میں روس کی سرگرمیوں اور مغربی ممالک کے فضائی حدود میں روسی دخل کی وجہ سے مغربی ممالک اور روس کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔روسی خبر رساں ایجنسیوں انٹر فیکس اور تاس کے مطابق اس مشق کے دوران ’کومی‘ ریپبلک میں اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کے لیے روس اپنے طویل فاصلے تک مار کرنے والے طیارے کے ذریعے کروز میزائل داغنے کی مشق کرنے والا ہے۔یہ مشق اس بڑی فوجی مشق کا پیش لفظ ہے جو آئندہ مہینے ہونی ہے اور اسے ’سینٹر۔2015‘ کا نام دیا گیا ہے۔روس کی خود اعتمادی کے بارے میں ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران نائب وزیر اعظم دیمتری روگوزن نے مذاق کے انداز میں کہا تھا کہ ’ٹینکس کو ویزے کی ضرورت نہیں ہوتی ہے‘۔خیال رہے کہ گذشتہ سال کرائمیا کو روس میں شامل کیے جانے پر لگائی جانے والی پابندیوں کے نتیجے میں یہ بے باک سیاست داں بھی یورپی یونین اور امریکہ کی بلیک لسٹ میں شامل ہے۔