رمضان المبارک سے قبل ہی مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آچکا ہے،ڈاکٹر وسیم اختر

رمضان المبارک سے قبل ہی مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آچکا ہے،ڈاکٹر وسیم اختر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وپارلیمانی لیڈرصوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اخترنے حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں 35فیصد اضافہ کرنے کے فیصلے پر شدید ردعمل کااظہارکرتے ہوئے اسے غریب عوام کے لئے ظالمانہ اقدام قرار دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کی آمد سے پہلے ہی مہنگائی کاجن بے قابو ہوچکاہے حکومت کے عوام دشمن فیصلوں کی وجہ سے عام آدمی کودووقت کی باعزت روٹی میسر نہیں سال بھر مہنگائی کاعفریت غریبوں کاخون خشک کرتارہتا ہے مگر جیسے ہی رمضان المبارک کامہینہ قریب آتاہے توتمام ذخیرہ اندوز،ناجائزمنافع خورسرگرم ہوجاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس سال رمضان کامہینہ بجٹ کے ساتھ آرہا ہے جس کامطلب مہنگائی میں مزید اضافہ ہوناہے۔حکمران ہرسال عوام کوریلیف فراہم کرنے کے کھوکھلے دعوے ضرور کرتے ہیں مگربدقسمتی سے لوگوں کوریلیف ملتا نہیں ۔ ارباب اختیار اس سنگین صورتحال پرقابوپانے کے لئے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کریں اور قواعدوضوابط واضح کرتے ہوئے ان پر سختی سے عملدرآمد کویقینی بنایا جائے ۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاکہ عوام کے مسائل میں اضافہ ہوچکا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ان مسائل کو جلدازجلد حل کیاجائے بصورت دیگر حکمرانوں کیلئے اپنی مدت پوری کرنامشکل ہوجائے گی۔ملک وقوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے سب سے پہلے کرپشن کاقلع قمع کیاجائے۔مہنگی گیس،مہنگی بجلی اورلوڈشیڈنگ نے صنعتی یونٹس کاکام ٹھپ کردیا ہے۔ملکی وغیرملکی سرمایہ دارلوڈشیڈنگ اور امن وامان کی ناگفتہ بہ صورتحال کی وجہ سے دوسرے ممالک کارخ کررہے ہیں جوکہ ملکی معیشت کیلئے انتہائی تشویش ناک بات ہے۔