رمادی پر قبضے کے بعد بغداد داعش کا اگلا ہدف مقرر

رمادی پر قبضے کے بعد بغداد داعش کا اگلا ہدف مقرر

دبئی(آن لائن)شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ "داعش" کی جانب سے عراق کے مرکزی شہر الرمادی پر ڈرامائی قبضے اور عراقی فوج کی شکست فاش کے بعد دارالحکومت بغداد کو بھی داعش کی جانب سے سنگین خطرات کا سامنا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ا دارے کے مطابق صوبہ الانبار کے مرکزی شہر الرمادی سے دارالحکومت بغداد محض 100 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ چونکہ داعشی جنگجو تیزی کے ساتھ بغداد کی طرف پیش قدمی کررہے ہیں۔ اس لیے خطرہ ہے کہ اگر داعش کوروکا نہ گیا تو چند دنوں کے اندر اندر وہ دارالحکومت پر قبضہ کرسکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق بغداد کے مغرب کی سمت میں الرمادی کا وسطی اور شمالی علاقہ واقعہ ہے اور شہر کے اس حصے پر "داعش" کا کنٹرول ہے۔ رمادی کے مغرب میں ایک محدود ٹکڑے پر عراقی فوج بھی موجود ہے لیکن اسے مسلسل پسپائی کا سامنا ہے۔ شہر کے جنوبی علاقے پر مقامی قبائل قابض ہیں۔ جبکہ مشرقی حصہ بھی قبائل اور عراقی فوج میں منقسم ہے۔ماہرین کے خیال میں رمادی کے جنوب مشرقی شہر فلوجہ سے داعشی جنگجو بغداد کی طرف پیش قدمی کرسکتے ہیں کیونکہ فلوجہ پہلے داعش کے کنٹرول میں ہے۔ فلوجہ کی سمت سے بغداد محض 60 کلومیٹر کی دوری پرہے۔ فلوجہ اس وقت داعش کا اہم مرکز ہے کیونکہ تنظیم نے پچھلے ایک سال سے وہاں پر اپنے مضبوط ٹھکانے بنا رکھے ہیں۔

مزید : عالمی منظر