ون ڈے سیریز کیلئے بھی سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات،رینجرز تعینات

ون ڈے سیریز کیلئے بھی سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات،رینجرز تعینات

لا ہور ( کرا ئم سیل ) پاکستان اور زمبابوے کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد ون ڈے سیریز کیلئے بھی سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ رینجرز کی بھی دو کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔اس کے علاوہ ہیلی کاپٹرز سے بھی فضائی نگرانی کی جا رہی ہے۔زمبابوے ٹیم کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دینے کے بعد ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔ ٹیم کی قذافی اسٹیڈیم میں موجودگی کی صورت میں چار کلومیٹر تک کا علاقہ نوگو ایریا ہوگا۔ میچ کے دوران ٹریفک معطل رہے گی اور اسٹیڈیم کے علاقے میں مارکیٹ بھی بند رہے گی، جبکہ بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کئے گئے ہیں۔ زمبابوے ٹیم کے روٹس،اسٹیڈیم اور ہوٹل کے اطراف 175 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ ایلیٹ فورس کے جوانوں کے علاوہ ایس ایس جی کے کمانڈوز بھی ہر وقت ٹیم کے ساتھ ہیں۔ اس کے علاوہ تین ہیلی کاپٹرز کے ذریعے قذافی اسٹیڈیم اور ملحقہ علاقوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔

مزید : علاقائی