بجلی کی پیداوار میں اضافہ کا ریلیف گھریلو صارفین کے بجائے انڈسٹریر کو دیدیا گیا
لاہور(کامرس رپورٹر)ملک میں بجلی کی پیداوار میں اضافہ کے باوجود گھریلو صارفین کے لئے گزشتہ روز بھی بد ترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا جس سے معمولات زندگی شدید متاثر رہے ۔ بجلی کی پیداوار میں اضافہ کا ریلیف گھریلو صارفین کے بجائے انڈسٹریر کو دے دیا گیا ۔ انڈسٹریز کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی شروع کر دی گئی ۔ ڈیموں سے پانی کے اخراج کے باعث ہائیڈل کی پیداوار میں اضافہ ہوا ۔ دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ سے مجموعی ڈیمانڈ بڑھ کر بیس ہزار میگا واٹ تک پہنچ گئی ۔ ہائیڈل کی پیداوار میں اضافہ کے باعث مجموعی پیداوار بڑھ کر تیرہ ہزار میگا واٹ تک ہو گئی ۔ گزشتہ روز ملک میں 6980 میگا واٹ کا شارٹ فال رہا جس کے باعث شہروں میں گھریلو صارفین کے لئے 10 سے 12 گھٹنے اور دیہی علاقوں میں 14 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔ بار بار لوڈ شیڈنگ سے بیشتر علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت رہی ۔