ماضی کی طرح مستقبل میں بھی عوام دوست پالیسیاں بنائینگے، پرویز رشید

ماضی کی طرح مستقبل میں بھی عوام دوست پالیسیاں بنائینگے، پرویز رشید

اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت نے جس طرح ماضی میں عوام دوست پالیسیاں اپنائیں مستقبل میں بھی عوام دوست پالیسیاں بنائے گی، آئندہ بھی عوام کو ریلیف دیا جائے گا،میٹرو بس سے عام لوگوں کو فائدہ ہوگا، حکومت صاف شفاف طریقے سے چیئرمین پیمرا لانا چاہتی ہے، ہمیں دکھ درد میں ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہئے۔ وہ منگل کو یہاں مقامی ہوٹل میں یونیورسل پیس مشن کے زیراہتمام بین المذاہب ہم آہنگی سیمینار اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جس میں اردن کے سفیر، ہندو، سکھ اور سکالرز نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ رواں سال روپے کی قدر بھی مستحکم ہوگئی ہے۔ مہنگائی میں بھی واضح طور پر کمی آئی ہے۔ یہ تمام عوام دوست اقدامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی ممالک نے تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل نہیں کیا تاہم وزیر اعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر تیل کی قیمتوں میں کمی کو عوام تک منتقل کیا گیا۔ حکومت نے ماضی میں جس طرح عوام دوست پالیسیاں اپنائی ہیں آنے والے دنوں میں بھی عوام دوست پالیسیاں بنائے گی۔ اسی طرح بجلی کے کارخانے لگانا اور گیس کی پائپ لائن بچھانا بھی عوام دوست پالیسیاں ہیں۔ اسی طرح میٹرو بس سے عام لوگوں کو بھی ریلیف ملے گا، میٹرو بس روٹس پر لوگوں کو پک اپ کی سہولت دینا اور انہیں واپس ڈراپ کرنا عوام دوست اقدامات ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہاکہ ڈسکہ کے واقعہ پر حکومت نے فوری طور پر نوٹس لے کر کارروائی کی ہے،واقعہ افسوسناک ہے ۔

مزید : صفحہ اول