چیئرمین پیمرا کی بحالی ، ہائیکورٹ نے چوہدری رشید کی بحالی کافیصلہ معطل کرنے کی درخواست مستردکردی
اسلام آباد(مانیٹرنگ دیسک) اسلام آبادہائیکورٹ نے چیئرمین پیمرا چوہدری رشید کی بحالی کا فیصلہ چند دنوں کے لیے معطل کرنے کی وفاق کی درخواست مسترد کردی اور ریمارکس دیئے ہیں کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد ہونے دیں ۔
اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس نورالحق قریشی نے چیئرمین پیمرا کی بحالی کے خلاف وفاق کی درخواست کی سماعت کی ۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ حکومت چیئرمین پیمرا کی بحالی کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کرناچاہتی ہے لہٰذا عدالت کم ازکم دودنوں کے لیے چیئرمین پیمرا کی بحالی کا فیصلہ معطل کرے ۔ جسٹس نورالحق قریشی نے استفسار کیاکہ کیا چوہدری عبدالرشید اپنا چارج سنبھال چکے ہیں ، حکومت کو عدالت فیصلے پر عمل درآمد کا نوٹیفکیشن جاری کرناپڑتاہے جس پروفاق کے وکیل نے اعتراف کیاکہ چیئرمین پیمرا عدالتی احکاما ت کے بعد اپنا عہدہ سنبھال چکے ہیں ۔
عدالت نے وفاق کی درخواست مستردکرتے ہوئے خارج کردی۔ یادرہے کہ عدالت نے چیئرمین پیمرا کو اپنے عہدے پر بحال کیاتھا جس کے خلاف حکومت نے دوبارہ اپیل میں جانے کا فیصلہ کیا۔