سوشل میڈیا کے ذریعے پیار کے بعد پاکستان آکر شادی کرنیوالی بھارتی لڑکی سے افسوسناک سلوک ، عدالت پہنچ گئی

سوشل میڈیا کے ذریعے پیار کے بعد پاکستان آکر شادی کرنیوالی بھارتی لڑکی سے ...
سوشل میڈیا کے ذریعے پیار کے بعد پاکستان آکر شادی کرنیوالی بھارتی لڑکی سے افسوسناک سلوک ، عدالت پہنچ گئی

  

فیصل آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) جہاں سوشل میڈیا کئی خرابیوں کی جڑبن رہاہے وہیں کئی دلوں کو جوڑنے اور گھروں کو بسانے کا بھی ذریعہ بن رہاہے لیکن دونوں خاندانوں کی ایک دوسرے متعلق ضروری معلومات نہ ہونے کی وجہ سے رشتے مسائل کا شکار ہوجاتے ہیں اور نوبت طلاق تک پہنچ جاتی ہے ، بالخصوص آپ اپنی محبت کو پانے کے لیے ایک ملک سے دوسرے ملک میں جائیں اور وہاں بھی آپ کو سکون نہ ملے تو صورتحال مزید گھمبیر ہوجاتی ہے ، ایساہی کچھ ایک بھارتی لڑکی سے ہواجو فیس بک پر رابطے کے بعد پاکستان لڑکے سے بیاہ کیلئے فیصل آباد پہنچی لیکن یہ رشتہ بمشکل تین ماہ ہی چل سکا اور پولیس نے خاتون کو بازیاب کرایا۔

تفصیلات کے مطابق 25سال بھارتی لڑکی شاہدہ کی فیس بک پر ملاقات فیصل آباد کے نواحی علاقے چک جھمرہ کے محمد قیصر بلال سے ہوئی ، معاملات آگے بڑھے ،دونوں ممالک کی سرحدواہگہ بارڈر پر ملاقات ہوئی اور پھر شادی کا فیصلہ ہوگیا۔

پولیس کے مطابق 15پر کال موصول ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کی اور خاتون کو گھر سے بازیاب کراکرسول جج تصدق حیات کی عدالت میں پیش کیاگیاجہاں خاتون نے موقف اپنایاکہ اُسے طلاق اور جہیز سمیت لڑکے کو اداکی گئی نقد رقم واپس دلائی جائے ۔

میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شاہدہ نے بتایاکہ محمد قیصر بلال سے مذہب کے معاملات کی جانکاری کے لیے رابطہ ہوااور پھر رابطوں کا نہ ختم ہونیوالا سلسلہ شروع ہوگیا، دوستی ہوئی ، شادی کی بات ہوئی تو دونوں خاندان بھی خوش ہوگئے ، امی خود آکر شادی کراگئیں ۔ خاتون نے بتایاکہ وہ چونکہ ہمیشہ کے لیے بھارت سے پاکستان آرہی تھیں تواپنی ساری تنخواہیں ساتھ لے آئیں ، کچھ جیولری اور دیگر سامان بھی تھا، سسرال نے جمع پونجی چھین لی اور تشددکرتے رہے ، کسی سے بات کی بھی اجازت نہیں تھی ، موقع ملنے پر پولیس کو اطلاع کردی ۔ ایک سوال کے جواب میں شاہدہ نے بتایاکہ تین ماہ قبل ہی شادی ہوئی ، سسرال نے جمع پونجی ہتھیالی ، تشد دکرتے ہیں ، پاسپورٹ تجدید کے لیے لاہور میں موجود ہے ۔

مزید : فیصل آباد /اہم خبریں