دوران پرواز سنگاپور ائیر لائنز کے جہاز کے تمام انجن فیل ہوگئے! وجہ کیا بنی؟ جان کر آپ بھی خوفزدہ ہوجائیں گے
سنگاپور سٹی (نیوز ڈیسک) سنگاپور ایئرلائن کے ایک نئے نویلے طیارے کے ساتھ زمین سے ہزاروں فٹ کی بلندی پر عجیب و غریب حادثہ پیش آگیا لیکن باہمت پائلٹوں نے طیارے کو بڑی تباہی سے بچالیا۔
پرواز 836 سنگاپور سے چین کے شہر شنگھائی جارہی تھی کہ 39 ہزار فٹ کی بلندی پر اس کے دونوں انجن فیل ہوگئے۔ طیارے کی بلندی میں تیزی سے کمی واقع ہونا شروع ہوگئی اور جلد ہی یہ 13ہزار فٹ نیچے آچکا تھا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ ہانگ کانگ کے جنوب میں محو پرواز تھا۔ فلائٹ راڈار 24 کے مطابق طیارے کی بلندی میں 13 ہزار فٹ کی کمی واقعہ ہوچکی تھی کہ جب پائلٹ اس کے انجنوں کو دوبارہ سٹارٹ کرنے میں کامیاب ہوگئے اور ڈیڑھ گھنٹے بعد یہ پرواز شنگھائی ایئرپورٹ پر لینڈ کرگئی۔
خوفناک حادثے سے بال بال بچنے والا طیارہ ایئربس A380-343 ہے اور اسے پرواز کا آغاز کئے ابھی محض دو مہینے ہوئے ہیں۔ اس کے انجن رولز رائس کمپنی کے تیار کردہ ہیں جنہیں ایوی ایشن انڈسٹری میں بہترین کوالٹی کی علامت قرار دیا جاتا ہے۔ طیارے کے فضائی عملے کے مطابق انجنوں کو اچانک پاور سپلائی معطل ہو گئی جس کے باعث انہوں نے کام کرنا بند کر دیا۔ شنگھائی ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد طیارے کا تفصیلی معائنہ کیا گیا لیکن انجنوں کو پاور کی معطلی کی کوئی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔ سنگاپور ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو معاملے کی مزیدتحقیق کررہا ہے۔