سلو اوور ریٹ ، زمبابوے ٹیم کے کپتان ایلٹن چیگمبرا پر 2 میچوں کی پابندی عائد
لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان کے خلاف کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں سلو اوور ریٹ کی بناءپر زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کپتان ایلٹن چیگمبرا پر 2 میچوں کی پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق زمبابوے کرکٹ ٹیم اس وقت پاکستان میں موجود ہے اور 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کے دوران پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے دی تھی ۔ اس میچ کے دوران زمبابوے کی جانب سے اوور ریٹ قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے زمبابوے ٹیم کے کپتان ایلٹن چیگمبرا پر 2 میچ کھیلنے کی پابندی لگا دی ہے ۔ آئی ای سی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں مقررہ اوورز 36 منٹ تاخیر سے ختم کیے جس کی بناءپر پوری ٹیم پر بھی میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔ یاد رہے پاکستان کے خلاف زمبابوے ٹیم نے 3 میچوں کی ون ڈے سیریز کھیلنی تھی لیکن اب کپتان پابندی کے باعث اگلے 2 میچ نہیں کھیل پائیں گے ۔