ہائی کورٹ :لو میرج کیس کے فریقین گتھم گتھا ،والدین کے ہاتھوں لڑکی کے اغواءکی کوشش ہائی کورٹ سیکیورٹی نے ناکام بنا دی
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائی کورٹ میں لو میرج کیس میں ہنگامہ آرائی کے دوران فریقین ایک دوسرے پر پل پڑے۔ لڑکی کو اس کے خاندان کی زبردستی ساتھ لے جانے کی کوشش ہائی کورٹ سیکیورٹی نے ناکام بنا دی۔رفعت نامی لڑکی کے لومیرج کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے موقع پر لڑکی اپنے خاوند کے ساتھ بیان دینے آئی تو اس کے خاندان نے اچانک دھاوابول دیا اور رفعت کو زبردستی ساتھ لے جانے کی کوشش کی مزاحمت پررفعت اوراس کے خاوند اسد کی خوب پٹائی کی گئی جس سے لڑکی زخمی بھی ہو گئی اس موقع پر ہائی کورٹ سیکیورٹی نے مداخلت کرتے ہوئے دونوں میاں بیوی کو وہاں سے نکالا۔ واقعہ کے بعد عدالت نے رفعت اور ا سکے خاوند اسد کو مکمل تحفظ دینے کے احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت 29مئی تک ملتوی کردی۔ پتوکی کی رہائشی رفعت نے گھر سے بھاگ کر اسد نامی لڑکے سے شادی کر لی جس پر اس کے گھر والوں نے اسد کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کروارکھا ہے۔