مشیر قومی سلامتی سے اعلیٰ سطح افغان وفد کی ملاقات،افغانستان کیساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینگے:جنرل(ر) ناصر جنجوعہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ِ مشیر قومی سلامتی جنرل(ر) ناصر جنجوعہ سے اعلیٰ سطح افغان وفد کی ملاقات، دو طرفہ سطح پر تعاون کے فروغ اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزمشیرِ قومی سلامتی جنرل(ر) ناصر جنجوعہ سے افغانستان کے اعلی سطح وفد نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ سطح پر تعاون کے فروغ اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا، ملاقات میں پاک افغان ایکشن پلان برائے تعاون و ہم آہنگی کے بروقت اور موثر اطلاق پر زور دیا گیا۔اس موقع پر مشیرِ قومی سلامتی جنرل(ر) ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے پختہ عہد پر قائم ہے، افغانستان کیساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دیں گے،دفاع، انٹیلی جنس ، سفارتی، سیاسی اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون ناگزیر ہے، ہمیں مستقبل کی راہیں تلاش کرنا ہیں،ماضی کے اختلافات بھلا کر محبتوں اور حقائق کو جگہ دینا ہو گی۔جنرل (ر) ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی مشترکہ اور اہم ضرورت امن ہے،پاک افغان ایکشن پلان برائے تعاون و ہم آہنگی کا مو ثر اطلاق مستقبل کو تابناک بنائے گا۔