الیکشن کمیشن ،مریم نواز کی بطورنائب صدر تقرری کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست سماعت کیلئے منظور
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مریم نواز کی بطور نائب صدر تقرری کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی،الیکشن کمیشن نے مریم نواز کو نوٹس جاری کردیا،درخواست پر سماعت17 جون کو ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان میں مریم نواز کی بطور نائب صدر تقرری کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت ہوئی،چیف الیکشن کمشنر سردار رضا حیات کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی،درخواستگزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ جولائی 2018 میں نیب کورٹ نے مریم نوازکو مجرم قراردیا،نیب کورٹ فیصلہ کے بعد سپریم کورٹ نے نوازشریف کو پارٹی عہدے کیلئے نااہل قراردیا،مریم نواز پارٹی کاعہدہ نہیں رکھ سکتیں،وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ اسلام آبادہائیکورٹ نے 19 ستمبر کو مریم نواز کی سزا ختم نہیں کی ۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سزامعطلی کا یہ مطلب نہیں کہ ٹرائل کورٹ کی سزا ختم ہو گئی،الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے مریم نواز کو نوٹس جاری کردیا،مریم نواز کیخلاف درخواست کی سماعت17 جون کو ہوگی۔