اسحاق ڈار کی پاکستان حوالگی، برطانیہ اور پاکستان کے درمیان ایسا معاہدہ ہوگیا کہ سابق وزیر خزانہ کو ابھی سے پسینے چھوٹ جائیں گے
لندن(ویب ڈیسک) سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پاکستان حوالگی کے طریقہ کار پر بات چیت کے لیے برطانیہ اور پاکستان میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے، یہ دستخط برطانوی عہدیدار گرائم بگر اور پاکستان کی طرف سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کیے، مفاہمت کی یادداشت تحویل مجرمین کے معاہدہ کی عدم موجودگی میں قانونی بنیاد فراہم کرے گی۔
جیونیوز کے مطابق مفاہمتی یادداشت کے متن کے مطابق پاکستان اور برطانوی حکومتیں اسحاق ڈار کی پاکستان حوالگی کے لیے ہم آہنگی پر پہنچ گئی ہیں اور مفاہمت کی یادداشت کا مطلب ہے کہ اسحاق ڈار کو قانونی کارروائی کے لیے پاکستان کے حوالے کیا جائے۔متن کے مطابق مفاہمت کی یادداشت جرم سے نمٹنے میں زیادہ متحرک تعاون فراہم کرے گی۔
رپورٹ کے مطابق سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف احتساب عدالت میں نیب ریفرنس زیرسماعت ہے اور وہ پاناما کیس کے فیصلے کے کچھ عرصے بعد علاج کی غرض سے لندن چلے گئے تھے جس کے بعد وطن واپس نہیں آئے۔سپریم کورٹ کی ہدایت پر حکومت کی جانب سے ان کے اور اہلیہ کے پاسپورٹ منسوخ کردیے گئے ہیں اور وہ بغیر پاسپورٹ کے برطانیہ میں رہ رہے ہیں۔