ویرات کوہلی بھی ’سرفراز‘ بن گئے، نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد کیا حاصل ہوا؟ ایسی بات کہہ دی کہ بھارتی بھی حیران پریشان رہ جائیں
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے بھی آئی سی سی ورلڈکپ 2019ءکے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست سے مثبت چیزیں نکال لی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ لوئر آرڈر کے کھلاڑیوں کی کارکردگی سے بہتر خوش ہیں۔
بھارتی ٹیم نیوزی لینڈ کیخلاف میدان میں اتری تو گیارہویں اوور میں صرف 39 رنز پر ہی اس کے 4 کھلاڑی آﺅٹ ہو چکے تھے جس کے بعد ہردیک پانڈیا اور رویندرا جدیجہ نے کچھ دیر وکٹ پر رک کر ٹیم کو ریلیف فراہم کیا۔ دونوں نے بالترتیب 30 اور 54 رنز بنائے اور دونوں کے آﺅٹ ہونے کے بعد بھارتی بیٹنگ لائن پھر لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 40 ویں اوور میں 179 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ جیسے ٹورنامنٹس سے متعلق ہم یہ کہتے ہیں کہ ہو سکتا ہے کہ آپ کا ٹاپ آرڈر بہت کم سکور کے عوض پویلین لوٹ جائے لہٰذا لوئر آرڈر کو ہمیشہ اس پر توجہ رکھی جائے اور میرے خیال سے ہردیک پانڈیا نے بہت اچھی بیٹنگ کی، مہندرا سنگھ دھونی نے بہترین انداز میں دباﺅ برداشت کیا اور جدیجہ نے بھی کچھ رنز بنائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ تمام باتیں مدنظر رکھی جائیں تو ہمیں اس میچ سے بہت مثبت چیزیں ملی ہیں اور لوئر آرڈر سکور بنا رہا ہے، یہ سب سے بہترین بات ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب اوول کی وکٹ دوسری اننگز میں بیٹنگ کیلئے اچھی ہو جاتی ہے حتیٰ کہ ہم نے اپنی اننگز کے آخری حصے میں بھی یہ دیکھا۔