”انڈیا والو! ایسے بے حس شخص کو منتخب کرتے ہوئے۔۔۔“ الیکشن جیتنے کے بعد گوتم گمبھیر کا ورلڈکپ میچ کے بائیکاٹ کا ’راگ‘، شاہد آفریدی نے شاندار جواب دیدیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے مایہ ناز سابق آل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی نے کرکٹ کے میدان سے سیاست میں قدم رکھنے والے گوتم گمبھیر کو ایک مرتبہ پھر آڑے ہاتھوں لیا ہے جنہوں نے الیکشن جیتنے کے بعد ایک مرتبہ پھر ورلڈکپ میں پاکستان کیخلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے پر زور دیا ہے۔
شاہد آفریدی نے گوتم گمبھیر کے بیان کو بیوقوفانہ قرار دیتے ہوئے ایسے بے حس شخص کو منتخب کرنے پر بھارتی عوام کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ گمبھیر کے بیان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے بھی سوال کیا کہ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ گوتم گمبھیر نے اچھی بات کی ہے؟ کیا ایسا لگتا ہے کہ کوئی عقلمند شخص ایسی بات کرے گا؟ کیا پڑھے لکھے لوگ اس طرح باتیں کرتے ہیں؟
واضح رہے کہ گوتم گمبھیر نے انتخابات میں کامیابی کے بعد مقامی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم اپنے ملک کے جذبات کے ساتھ نہیں کھیل سکتے۔ دو پوائنٹس ہمارے جوانوں کی زندگیوں سے زیادہ قیمتی نہیں ہیں، لیکن اس کیلئے پورے ملک کو ایک ساتھ کھڑا ہونا ہو گا۔ پاکستان کیخلاف پہلا میچ ہو یا پھر فائنل، ہم میں پوائنٹس کھونے کی ہمت ہونی چاہئے۔ حتیٰ کہ اگر پاکستان کیخلاف فائنل میچ کھیلنے سے بھی انکار کیا جائے تو پورے ملک کو یکجہتی کا اظہار کرنا ہو گا۔