کیایہ اتنے نااہل ہوچکے ہیں کہ جان کے خطرے پرتحفظ نہیں دے سکتے،اسلام آباد ہائیکورٹ،نومسلم لڑکیوں کی تحفظ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آبادہائیکورٹ نے سندھ کی 2 نومسلم لڑکیوں کے تحفظ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا،عدالت نے ریمارکس دیئے ہیں کہ سندھ ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار چھوڑکردرخواست گزاراسلام آباد کیوں آئیں؟کیایہ اتنے نااہل ہوچکے ہیں کہ جان کے خطرے پرتحفظ نہیں دے سکتے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آبادہائیکورٹ میں سندھ کی 2 نومسلم لڑکیوں کی درخواست پر سماعت ہوئی ،جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بنچ نے درخواست پر سماعت کی ،
جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسارکیا کہ لڑکیوں کا تعلق کس علاقے سے ہے؟وکیل درخواست گزار نے کہا ہے کہ لڑکیوں کا تعلق سندھ کے مختلف علاقوں سے ہے،جسٹس محسن اخترکیانی نے استفسار کیا کہ سندھ ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار چھوڑکردرخواست گزار اسلام آباد کیوں آئیں؟کیایہ اتنے نااہل ہوچکے ہیں کہ جان کے خطرے پرتحفظ نہیں دے سکتے،وکیل درخواستگزار نے کہا کہ ہمارا پیچھا کیا جا رہا ہے،جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہیں اور ہراساں کیا جا رہا ہے، عدالت نے درخواست گزار لڑکیوں کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا۔