”میرے بھارتیو! گھبرانا نہیں ہے“

”میرے بھارتیو! گھبرانا نہیں ہے“
”میرے بھارتیو! گھبرانا نہیں ہے“

  


نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) لیجنڈ بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر نے آئی سی سی ورلڈکپ کے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بھارت کی شرمناک شکست پر بھارتیوں کو ’نہ گھبرانے‘ کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں صرف ایک یا دو میچوں پر ہی ٹیم کی کارکردگی سے متعلق فیصلہ نہیں کروں گا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھارت کو وارم اپ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دی جبکہ بھارت کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی اور پوری ٹیم ہی 179 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی اور نیوزی لینڈ نے مطلوبہ ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔ بھارتی خبر رساں اداروں نے اپنی ٹیم کو خوب آڑے ہاتھوں بھی لیا مگر سچن ٹنڈولکر نے سب کو حوصلہ رکھنے کی تلقین کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایک ہر میچ کے بعد ٹیم کی کارکردگی پر بحث نہیں کروں گا کیونکہ یہ ایک ٹورنامنٹ ہے اور اس طرح کی چیزیں ہوتی ہیں۔ میگاایونٹ تو ابھی شروع بھی نہیں ہوا اور میرے خیال سے ہمیں خود کو حالات کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے اور اسی وجہ سے ایک یا دو میچوں میں ایسی کارکردگی بھی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو وارم اپ میچز سے زیادہ سے زیادہ سیکھنے کی کوشش کرنی چاہئے اور یہ جاننا چاہئے کہ یہاں انہیں کس طرح کی وکٹیں ملیں گے اور جہاں تک میری بات ہے تو میں ابھی بالکل بھی پریشان نہیں ہوں گا۔ اگر دیکھا جائے تو باقی تمام ٹیمیں بھی ابھی مختلف کمبی نیشن آزما رہی ہیں اور بہترین پلئینگ الیون کی تلاش میں ہیں۔

مزید : کھیل