پولیس اہلکار سے جھگڑا کرنے والی"کرنل کی بیوی"اور اس کے شوہر کے ساتھ پاک فوج نے کیا سلوک کیا؟آرمی چیف نے خود ہی بڑا انکشاف کر دیا

پولیس اہلکار سے جھگڑا کرنے والی"کرنل کی بیوی"اور اس کے شوہر کے ساتھ پاک فوج نے ...
پولیس اہلکار سے جھگڑا کرنے والی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) مانسہرہ موٹروے پر پولیس اہلکاروں سے جھگڑا اور بدتمیزی کرنے سے شہرت حاصل کرنے والی "کرنل کی بیوی" اور اس کے شوہر کے ساتھ پاک فوج نے کیا سلوک کیا ؟اس بارے  میں آرمی چیف نے از خود ایسا انکشاف کر دیا ہے کہ تنقید کرنے والے ایک دوسرے کا منہ ہی تکتے رہ جائیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل مانسہرہ موٹروے پر ایک کار سوار خاتون کی پولیس اہلکاروں کے ساتھ جھگڑے اور بد زبانی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس کے بعد "کرنل کی بیوی"کے ٹرینڈنے سوشل میڈیا پر خوب اودھم مچایا اور بعض افراد اس ویڈیو کی بنیاد پر پاک فوج کے خلاف اپنے دل کی بھڑاس بھی نکالتے رہے۔گوکہ مانسہرہ پولیس نے "کرنل کی بیوی" کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تھا اور کرنل کی بیوی بعد ازاں مانسہرہ تھانہ سٹی میں پیش بھی ہو گئی تھی جبکہ پاک فوج کی جانب سے اس بارے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا تھا تاہم اب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نجی ٹی وی چینل "اے آر وائے نیوز " کے معروف پروگرام "رپورٹرز"کی ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئےکہا ہے کہ پاک فوج ایک منظم ادارہ ہے،پاک فوج میں احتساب کا موثر نظام ہے ، ایک افسرکی بیوی کی ویڈیو سامنے آنے پر افسر اور اس کی اہلیہ کے خلاف سخت ترین کارروائی ہوچکی ہے۔جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہناتھاکہ بھارت پاکستان اورچین کےخلاف سازشوں میں مصروف ہے،افواج پاکستان مادرِوطن کادفاع کرنےکی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے، پاکستان کی ترقی،خوشحالی،مستقبل صرف اورصرف جمہوریت میں ہے،اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا، تمام مسائل کا حل نظام اور جمہوریت کے اندر ہے،پاکستان میں جس طبقے پر ہاتھ ڈالیں وہ مافیا کی طرح ری ایکٹ کرتا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل معروف ٹی وی اینکر اور صحافی اجمل جامی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ''اس واقعے کا متعلقہ حکام نے نوٹس لے لیا ہے، دیکھیے اب کیا ہوتا ہے؟جبکہ ملک کی معروف خاتون صحافی مونا خان نےبھی ذرائع کا نام ظاہر کیے بغیر کہاتھا کہ''آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےسوشل میڈیا پر ہزارہ موٹر وے پر ایک کرنل کی اہلیہ کی وائرل ہونےوالی ویڈیوکاسخت نوٹس لےلیاہے،کرنل صاحب کےخلاف سخت ترین ڈسپلنری ایکشن فوری طورپر شروع ،اس ایکشن سے ثابت ہو گیا پاک فوج میں کرپشن اور اکڑ کی کسی کو کوئی اجازت نہیں ہے۔

دوسری طرف  مانسہرہ پولیس کا کہنا ہے کہ ”سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کی خاتون قانون کے سامنے پیش ہوگئی ہیں۔مقدمہ نمبر 647 مورخہ 20.05.2020 تھانہ سٹی مانسہرہ میں لڑکا اور خاتون تھانہ سٹی کی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش اور شامل تفتیش ہوئے جبکہ مدعی مقدمہ نے دونوں کی شناخت بھی کر لی ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق بعد از شناخت ملزمہ کا نام سکینہ جعفر زوجہ محمد فاروق سکنہ عیسی نگر محلہ گولی مار چوک کوئٹہ حال بفہ ہے جبکہ ملزم کا نام اسفند یار ولد اورنگزیب خان سکنہ بفہ ہے۔پولیس کے مطابق دونوں ملزمان مقدمہ کے نامزد ملزمان ٹھہرے ہیں اور کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔

مزید :

قومی -