شہید پولیس ملازمین کے اہلخانہ کو خوشی، غمی کسی موقع پر تنہا نہیں چھوڑیں گے، آئی جی پنجاب

  شہید پولیس ملازمین کے اہلخانہ کو خوشی، غمی کسی موقع پر تنہا نہیں چھوڑیں گے، ...

  

لاہور(سپیشل رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیرنے کہا ہے کہ زندہ قومیں اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں،ملک کے امن کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے بہادر سپوت پنجاب پولیس کا قابل فخر سرمایہ ہیں جن کے اہل خانہ سے اظہار یک جہتی کیلئے تمام آرپی اوزاورڈی پی اوز نے عید الفطر کا تہواراپنی ریجنز اور اضلاع کے شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ منایا ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ فیلڈافسران نے شہداء کی قبروں اور گھروں میں جاکر انکے اہل خانہ کو یہ پیغام دیا ہے کہ ادارہ عید کے پر مسرت لمحات میں انکے شانہ بشانہ ہیں اور خوشی یا غمی کے کسی موقع پر انہیں ہرگز اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے مزیدکہاکہ صوبے کے تمام شہداء کی فیملیز کو محکمے کی جانب سے عید گفٹس بھجوائے گئے ہیں اور مستقبل میں بھی انکی ضروریات کا خیال ترجیحی بنیادوں پر رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پنجاب پولیس بھی کراچی طیارہ حادثہ متاثرین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ لاہور میں یاد گار شہدا ء پر حاضر ی اور نماز عید کی ادائیگی کے بعد کیا۔انہوں نے یادگار شہدائے پر پھول چڑھائے اورفاتحہ خوانی کی۔انہوں نے لاہورپولیس کے افسران و جوانوں کے ساتھ نماز عید ادا کی اور نماز کے بعد پولیس لائنز کے ملازمین میں عیدی بھی تقسیم کی۔ اس موقع پرایڈیشنل آئی جی راؤ سردار، سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعید،ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انعام وحید، سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) سید حماد عابد، ایس پی ہیڈکوارٹر لاہور ملک جمیل ظفر،ایس پی ڈولفن سکواڈ عائشہ بٹ، سابق سینئر پولیس افسران سمیت ڈولفن، پیرو، اینٹی رائٹ سمیت دیگر فارمیشنز کے افسران واہلکار بھی موجود تھے۔سی سی پی او لاہور نے اہلکاروں میں عید کے موقع پر تحائف بھی تقسیم کئے۔

مزید :

علاقائی -