ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کا دورہ ڈسٹرکٹ جیل،اسیران میں گفٹ تقسیم کیے

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کا دورہ ڈسٹرکٹ جیل،اسیران میں گفٹ تقسیم کیے

  

گوجرانوالہ(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ (ر)سہیل اشرف کا ڈسٹرکٹ جیل گوجرانوالہ کادورہ، اسیران سے خطاب کیا۔ان کو عید کی مبارک دی اور 185 اسیران میں گفٹ بھی تقسیم کئے اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل ساجد بیگ، سابق ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر جمشید بشیر،سوشل ویلفیئر آفیسر عمیر رفیق،سابق ایم ایس ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ ڈاکٹر انور امان اور دیگر افسران بھی ان کے تھے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ(ر)سہیل اشرف نے کہاکہ انسان سے نفرت نہیں بلکہ جرم سے نفرت ہے اللہ تعالی نے تمام انسانوں کو احسن تقویم اور ایک جیسا پیدا کیا۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے عید کے پر مسرت موقع پر قیدیوں کے لئے معافی کا اعلان کیا ہے جو کہ خوش آئند امر ہے۔ انہوں نے اسیران پر زور دیا کہ وہ دوران اسیری وقت کو اللہ کی جانب سے آزمائش اور موقع گردانتے ہوئے اپنے زندگی کو اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق بسر کریں اور رہائی کے بعد ایک ذمہ دار شہری بن کر معاشرے کی تعمیر ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ جرم کا راستہ اللہ سے دوری کا سبب بنتا ہے اور جوں جوں انسان اللہ کے قرب سے دور نکلتا ہے تو پریشانیاں اور مسائل اسے گھیر لیتے ہیں۔

  انہوں نے کہاکہ دنیا کے تمام مسائل کا حل اللہ کی جانب رجوع کرنے میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ اللہ کے حضور دعا گو ہیں کہ وہ آپ کے آزمائش کے دن جلد ختم کرے اور ہم سب کو سیدھے راستے پر چلنے کی توفیق عطا کرے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبہ بھر کی جیلوں میں معیاری کھانے اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے اور قیدیوں کی فلاح بہبود کیلئے اقدامات جاری رہیں گے۔انہوں نے جیل میں صفائی ستھرائی اور قیدیوں کو دی جائے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

مزید :

علاقائی -