ملک بھر میں عید الفطر کرونا وائرس ایس او پیز کیساتھ منائی گئی

  ملک بھر میں عید الفطر کرونا وائرس ایس او پیز کیساتھ منائی گئی

  

لاہور (آن لائن) صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی، مساجد،عید گاہوں اور امام بارگاہوں میں کورونا ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے نماز عید ادا کی گئی،اس موقع پر عیدالفطر کے اجتماعات میں بھی حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد کیاگیاتاہم بعض مقامات پر ایس اوپیز کی خلاف ورزی بھی دیکھنے میں آئی۔ علماء کرام کی ہدایت پراس مرتبہ لوگوں کی بڑی تعداد نے گھروں پر ہی نماز عید ادا کی جبکہ بچوں اور بزرگوں کو نمازاجتماعات میں شرکت کی اجازت نہیں تھی۔ عید گاہوں،مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر مقامات پر نمازیوں نے فاصلہ رکھ کر نماز عید ادا کی اورعید کے بعد مصافحہ اورمعانقہ بھی نہیں کیا۔ عیدگاہوں اور مساجد کے باہر عید کی روایتی گہما گہمی بھی دیکھنے میں نہیں آئی۔نماز عید میں بچوں کی عدم شرکت کے باعث کھلونے،غبارے بیچنے والے بھی سڑکوں پر دکھائی نہیں دیئے۔ سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہواجہاں حکومت کے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے فرزندان اسلام کی بہت بڑی تعداد نے نماز عید ادا کی‘ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزار نے نماز عید وزیراعلیٰ ہاؤس میں جبکہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے نمازعید گورنر ہاؤس میں ادا کی‘ نمازیوں کو سینی ٹائیزراور ٹمپریچر چیک کرنے کے بعد عید گاہ میں داخلہ کی اجازت دی گئی‘ کورونا وائرس کی وجہ سے سے مکمل حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا گیا۔نماز عید کی ادائیگی کے بعد شہریوں نے قبرستانوں کا رخ کیا جہاں انہوں نے اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔

عید الفطر

مزید :

صفحہ اول -