حکومتی اقدامات پر عملدرآمد سے کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملے گی: عثما ن بزدار

  حکومتی اقدامات پر عملدرآمد سے کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملے گی: عثما ن ...

  

لاہو(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ احتیاط،حفاظتی تدابیر اورحکومتی اقدامات پر عملدرآمد سے کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملے گی،عوام کو ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے احتیاط کے دامن کو ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہئے،کورونا وباء کے خلاف حکومتی اقدامات پر عملدر آمد میں ہی شہریوں اور ان کے پیاروں کی حفاظت ہے۔ایک بیان میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ چاندر ات اورعید پر بازاروں اور مارکیٹوں میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سماجی فاصلے برقراررکھیں کیونکہ آج کا وقتی فاصلہ مستقل فاصلوں سے بچائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عید پر کورونا مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ڈاکٹروں،نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید کے لمحات ہسپتال میں گزارنے والے ہیلتھ پروفیشنلز قابل تحسین ہیں، ڈاکٹروں،نرسوں او رپیرا میڈیکل سٹاف کی محنت اوراللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہزاروں مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار عیدالفطر کی نماز پڑھنے کے بعد طیارہ حادثہ میں شہید پائلٹ کیپٹن سجاد گل کی رہائش گاہ گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے شہید پائلٹ سجاد گل کے والد گل محمد بھٹی، اہلیہ، بیٹے عثمان، بیٹی اور دیگر اہل خانہ سے گہرے دکھ او رافسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی تعزیت کا اظہار کیا اور شہید سجاد گل کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا ئے مغفرت کی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والے چیف ایگزیکٹو آفیسر اربن یونٹ خالد شیر دل کی رہائش گاہ بھی گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہید خالد شیر دل کی والدہ، بھائی مجاہد شیردل اور دیگر اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے سوگوار خاندان سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہید خالد شیر دل کی عظیم قربانی اورحکومت کے لئے گراں قدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عید الفطر کی نماز وزیراعلیٰ آفس کے لان میں ادا کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملک کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور قیام امن کیلئے دعا کی اور کورونا اور طیارہ حادثے کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے دعا مانگی،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے لوگوں کو عید کی مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی عید کے تیسرے روز بارتھی آمد،قبائلی عمائدین اور علاقے کے لوگوں کو عید کی مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار عید کے تیسرے رو بارتھی گئے،جہاں بزدار ہاؤس بارتھی میں قبائلی عمائدین اور علاقے کے لوگوں سے ملاقات کی اور لوگوں کو عید کی مبارکباد دی- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے والد سردار فتح محمد خان بزدارمرحوم کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی -وزیراعلیٰ عثمان بزدار کچی وانگا بھی گئے اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملک احمد خان کے انتقال پر اہل خانہ سے اظہار افسوس کیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملک احمد خان مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے دعائے مغفرت کی-بعدازاں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملک احمد خان مرحوم کے بیٹے کی دستاربندی کی۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بلوچستان کے پسماندہ ترین ضلع موسی خیل کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے موسی خیل میں قبائلی عمائدین اوردیگر شخصیات نے ملاقات کی، اور پنجاب حکومت کی جانب سے موسی خیل میں ریسکیو 1122سٹیشن کے قیام، بینک آف پنجاب کی برانچ کے قیام،اے ٹی ایم مشین لگانے اورموسی خیل میں نادرا کا دفتر بھی قائم کرنے کااعلان کیا اور کہاکہ اس ضمن میں وفاقی حکومت سے رابطہ کر کے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ موسی خیل میں کالج کے لئے بسیں بھی فراہم کی جائیں گی۔زیراعلیٰ عثما ن بزدار نے کہاکہ ریسکیو1122سٹیشن کیلئے 4×4ویل گاڑیاں دی جائیں گی جس سے موسی خیل، پنجاب کے قبائلی علاقوں اورکے پی کے کے ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کو سہولت ملے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے روجھان میں کچے کے علاقے میں تین پولیس اہلکاروں کے اغوا ء کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی،وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مظفر گڑھ کے قریب دریائے چناب میں ڈوبنے سے دو بہنوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے پتوکی کے قریب ریلوے پھاٹک پر ٹرین اور کار کے تصادم میں ایک ہی خاندان کے 4افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہارکرتے ہوئے حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ٹرین کی آمد پر پھاٹک کو کھلا چھوڑنا غفلت کے زمرے میں آتا ہے-مجرمانہ غفلت کے ذمہ دار وں کا تعین کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے قصور کے علاقے میں حافظ قرآن طالبعلم کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔

سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -