شہباز شریف نے آفس سیکرٹری کے کورونا میں مبتلا ہونے پر خود کو قرنطینہ کر لیا

    شہباز شریف نے آفس سیکرٹری کے کورونا میں مبتلا ہونے پر خود کو قرنطینہ کر ...

  

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے آفس سیکرٹری بدر شہباز کورونا وائرس کا شکار ہو گئے جس پر شہباز شریف نے خود کو قرنطینہ کر لیا۔بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف کے آفس سیکرٹری بدر شہباز نے عید کی نماز شہباز شریف کے گھر میں ان کے ساتھ ادا کی تھی۔ بدر شہباز کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد شہباز شریف نے تمام افراد کا گھر میں داخلہ بند کر دیا اور خود کو قرنطنیہ کر لیا۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ملک میں کورونا سے متاثرین اور اموات کی شرح میں اضافے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جامع قومی حکمت عملی تشکیل دینے کا مطالبہ کر دیا۔صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لاک ڈاون کے نفاذ اور کھولنے سے پہلے حکمت عملی مرتب کی ہوتی تو متاثرین کی تعداد میں بے تحاشا اضافہ نہ ہوتا۔ پھر کہتا ہوں کہ مزید وقت ضائع نہ کریں، ہمہ جہت جامع قومی حکمت عملی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹنگ کے ڈیٹا کے بارے میں قوم کو بتایاجائے، وائرس کے پھیلاؤکو روکنے کی حکمت عملی کیا ہے، تفصیل بتائی جائے۔ ہسپتالوں میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر حکومت حکمت عملی کیا ہے، یہ بھی قوم کو بتایا جائے۔شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے، حالات کے مطابق متعلقہ پہلوؤں پر توجہ دی جائے تاکہ نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرے ورنہ خدانخواستہ حالات ہاتھ سے نکلے جا رہے ہیں۔ شہبازشریف نے مشترکہ مفادات کونسل کا فوری اجلاس بلانے کا بھی مطالبہ کیا۔

شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -