رائس ملزمیں چھپائی گندم بر آمد کرنے کیلئے محکمہ خوراک کے چھاپے

رائس ملزمیں چھپائی گندم بر آمد کرنے کیلئے محکمہ خوراک کے چھاپے

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)عید الفطر کی تعطیلات کے دوران بھی پنجاب بھر میں گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں اور سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی ہدایت پر محکمہ خوراک کی ٹیموں نے مختلف اضلاع میں گندم کے بھاری ذخائر پکڑے۔تفصیلات کے مطابق خانیوال میں ایک رائس مل کے اندر چھپائی گئی 2500من گندم قبضے میں لے لی گئی جبکہ لیہ،وہاڑی، میلسی اور دیگر مختلف مقامات پر پرائیویٹ گوداموں میں ذخیرہ کی گئی گندم کو قبضے میں لے لیا گیا۔فوڈ ڈیپارٹمنٹ کی ٹیموں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ مختلف علاقوں میں چیکنگ کے دوران غیر قانونی طور پر لے جائی جانے والی بھاری مقدار میں گندم پکڑی لی اور ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کاروائی کا آغاز کر دیاگیا۔ان تمام واقعات میں ذخیرہ اندوز عید کی چھٹیوں کا فائدہ اٹھا کر گندم ذخیرہ کرنے کے لئے لے جا رہے تھے اور غیر قانونی نقل وحمل میں ملوث پائے گئے۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں سے کوئی رعائیت نہیں ہوگی،محکمہ خوراک 24گھنٹے الرٹ ہے ہم کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے اور گندم کی اوپن مارکیٹ میں مقررہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مہم کے مکمل ہونے کے باوجود گندم کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کاروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے محکمہ خوراک کے افسران کو عید کی تعطیلات میں بھی تندہی سے کام کرنے اور بھاری مقدار میں گندم کے ذخیرے برآمد کرنے پر شاباش دی۔

رائس ملز چھاپے

مزید :

صفحہ آخر -