مرغی کا گوشت مہنگے داموں فروخت کرنیوالوں کو جیل بھجوائینگے: میاں اسلم اقبال
لاہور (لیڈی رپورٹر)پنجاب کے وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نے ہمارے ساتھ طے کیا تھا عید کی تعطیلات میں مرغی کا گوشت 260 روپے فی کلو گرام فروخت کیا جائے گا لیکن پولٹری ایسوسی ایشن نے اپنے وعدے پر عملدرآمد نہیں کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف مارکیٹوں کے دورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب پولٹری ایسوسی ایشن سے بات نہیں ہوگی بلکہ حکومتی مشینری حرکت میں آئے گی اور مرغی کے گوشت کی طے کردہ قیمت 260 روپے فی کلو گرام پر عملدرآمد کرایا جائے گا، جو دکان دار گراں فروشی کا مرتکب پایا گیا اسے جیل بھیجیں گے۔ایک سوال پر صوبائی وزیر نے کہا کہ پولٹری ایسوسی ایشن نے وعدہ پورا نہیں کیا اب ان کے ساتھ بات چیت کا جواز نہیں بنتا۔بعدازاں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر میاں اسلم اقبال طیارہ حادثہ کے شہید فرید احمد کی رہائش گاہ گارڈن کینال جلو پارک گئے،جہاں شہید کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، صوبائی وزیر نے فرید احمد شہید کے ایصال ثواب کیلئے دعا بھی کی۔علاوہ ازیں میاں اسلم اقبال طیارہ حادثہ کی شہیدائیرہوسٹس انعم کی رھائش گاہ دھرم پورہ گئے اور اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔
میاں اسلم اقبال