لاک ڈاؤن نر م کیا ختم نہیں، کورونا وبا ء سے پاکستان کی پوزیشن دنیا سے کہیں بہتر: اعجاز شاہ

لاک ڈاؤن نر م کیا ختم نہیں، کورونا وبا ء سے پاکستان کی پوزیشن دنیا سے کہیں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ننکانہ صاحب (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) پیر اعجاز احمد شاہ نے اپنے آبائی گاوں نبی پور پیراں میں پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے لاک ڈاؤن نرم کیا ہے مگر ابھی کورونا وائرس کی بیماری ختم نہیں ہوئی، کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے،ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہم دنیا سے بہتر پوزیشن پر ہیں لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کہ ہم احتیاط نہ کریں اور ایس او پیز پر عمل کرنا چھوڑ دیں انہوں نے کہا کہ میری عوام سے اپیل ہے کہ خدا کے واسطے احتیاط کریں وزیر اعظم نے لاک ڈاون نرم کیا ہے لیکن کورونا کی بیماری ابھی ختم نہیں ہوئی، حالات اب ایسے ہیں کہ اب ہر کسی کو تھوڑی بہت قربانی ضرور دینی پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ کورونا بیماری کا نہ تو کسی کو پتہ ہے کہ یہ کیسے اور کیوں آئی ہے، نہ ہی کسی کو پتہ ہے اس نے کیسے اور کب جانا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون دوبارہ کرنا ہے یا نہیں اس کے بارے میں صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ابھی دو سال ہوئے ہیں اور اللہ کے فضل سے جب اس حکومت کے پانچ سال پورے ہوں گے تو اس حکومت کے کام بولیں گے۔ بابا گورو نانک یونیورسٹی کی چاردیواری کی تعمیر کا 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ اگلے سال ایک ارب کے فنڈز حاصل کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ طالبان نے بھی بھارت کو کشمیر پر الٹی میٹم دے دیا ہے کہ اگر مسلمانوں کے ساتھ یہی رویہ رکھا تو پھر ہمیں نہ کچھ کہیے گا، اور بالآخر فتح کشمیریوں کی ہی ہو گی انہوں نے مزید کہا کہ انشاہ اللہ تعالیٰ ننکانہ صاحب میں 200بیڈ پر مشتمل ماڈرن ہسپتال تعمیرکیا جائے گا۔ اس موقعہ پر ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف پیر سرور شاہ، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ننکانہ صاحب پیر طارق احمد شاہ، سابق نائب ضلع ناظم ننکانہ صاحب رائے مشتاق احمد کھرل، سابق تحصیل ناظم ننکانہ صاحب شہزاد خالد خاں، الغیور فاؤنڈیشن ننکانہ صاحب کے چیئرمین و ممبر ہیلتھ کونسل چوہدری شاہین اقبال غیور ایڈووکیٹ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔دریں اثنا وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کراچی طیارے حادثے میں شہید پائلٹ سجاد گھر جا کر اہلخانہ سے تعزیت کی، ان کا کہنا تھا کہ پائلٹ نے آخری لمحے تک اپنی پوری کوشش کی لیکن قدرت کو کچھ اور منظور تھا۔وزیرداخلہ اعجاز احمد شاہ نے مرحوم کے والد کو یقین دہانی کروائی کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق حادثے کی تحقیقات شفاف طریقے سے ہوں گی۔ مرحوم کے ورثاء سے اظہار تعزیت اور مرحوم کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پائلٹ سجاد گل کے جانے پر دلی رنج ہوا، اس مشکل گھڑی میں آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی آپ کو صبر جمیل عطا فرمائے،انہوں نے آخری لمحے تک اپنی پوری کوشش کی لیکن قدرت کو کچھ اور منظور تھا۔
لاک ڈاؤن نرم

مزید :

صفحہ آخر -