افغان صدر کا 2ہزار طالبان چھوڑنے کا اعلان، 100قیدی رہا

  افغان صدر کا 2ہزار طالبان چھوڑنے کا اعلان، 100قیدی رہا

  

کابل(این این آئی) افغانستان نے عید الفطر کے موقع پر ہونے والی جنگ بندی کے دوران 2 ہزار طالبان جنگجوؤں کی رہائی کا اعلان کیا تھاجس کے بعد پہلے مرحلے میں 100قیدیوں کو رہا کر دیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صدر اشرف غنی نے جذبہ خیر سگالی کے تحت طالبان قیدیوں کی رہائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کابل حکومت طالبان کے ساتھ مزید مذاکرات کیلئے تیار ہے۔صدر اشرف غنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام میں کہا کہ امریکہ کے سیکرٹری خارجہ مائیک پومپیو نے مجھے اور قومی مفاہمت کونسل کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کو فون کیا اور 2 ہزار طالبان قیدیوں کو رہا کرنے کے فیصلے پر شکریہ ادا کیا۔افغان صدر نے یہ بھی لکھا کہ مائیک پومپیو نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امریکہ طویل مدتی جنگ بندی اور براہ راست مذاکرات کا آغاز کرے گا۔

طالبان رہائی

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان نے عید الفطر کے موقع پر جنگ بندی سے متعلق طالبان اور افغانستان حکومت کے اعلانات کا خیرمقدم کیا ہے۔ ایک بیان میں دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا کہ پاکستان عید الفطر کے موقع پر جنگ بندی سے متعلق طالبان اور افغانستان حکومت کے اعلانات کا خیرمقدم کرتا ہے۔دفتر خارجہ کی ترجمان نے اپنے افغان بھائیوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کی دعا کرتے ہیں،پاکستان عید الفطر کے موقع پر جنگ بندی سے متعلق طالبان اور افغانستان حکومت کے اعلانات کا بھرپور خیرمقدم کرتا ہے۔

پاکستان

مزید :

صفحہ آخر -