بھارت، کورونا کیسز میں ریکارڈ اضافہ ، 10بد ترین متاثرہ ممالک میں شامل
نئی دہلی (این این آئی)دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور اب اس سے زیادہ تیزی سے متاثرہ ہونے والے ممالک میں بھارت بھی شامل ہوگیا ہے جہاں ایک روز میں ریکارڈ کیسز میں اضافے کے بعد یہ دنیا کے ان 10 ممالک میں سے ایک ہوگیا جو کورونا سے بدترین متاثر ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں ایک روز کے اب تک کے سب سے زیادہ کورونا کیسز سامنے آئے اور یہ ایران کو بھی پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کے 10 بدترین متاثر ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا۔نئے کیسز میں اضافہ کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے نئے فیز کے تحت کچھ کاروبار اور سفر کے دوبارہ بحال ہونے کے ساتھ ہی سامنے آیا۔ادھر نئی دہلی ایئرپورٹ پر پرواز میں سفر کرنے والے کچھ مسافروں اور عملے کے اراکین کی جانب سے کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز نے سخت سماجی فاصلوں پر عمل کروایا اور مسافروں نے ماسک بھی پہنے۔تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے ان پروازوں کے بعد مسافروں کو قرنطینہ کرنے پر زور نہیں دیا گیا لیکن کچھ ریاستوں کی جانب سے اپنی طرف سے اٹھائے گئے قرنطینہ کے اقدامات نے مسافروں کو الجھن میں ڈال دیا۔علاوہ ازیں بھارتی ریلوے حکام کا بھی کہنا تھا کہ وہ آئندہ 10 روز میں 2 ہزار 600 اضافی خصوصی ٹرینیں چلائیں گے جس سے تقریباً 35 لاکھ پھنسے ہوئے پناہ گزین ورکرز کو اپنے گھروں کو جانے میں مدد ملے گی۔
بھارت/کورونا