کورونا کے علاج کی سہولیات کا ازسرنو جائزہ لے رہے ہیں،ڈاکٹر یاسمین

  کورونا کے علاج کی سہولیات کا ازسرنو جائزہ لے رہے ہیں،ڈاکٹر یاسمین

  

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کاعلاج کرنے والے ڈاکٹرز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ عوام کورونا وائرس سے بچاو کیلئے حفاظتی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کریں۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کی سہولیات کا ازسر نو جائزہ لیا جا رہا ہے۔تمام ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرزکی موجودگی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔عید کے تیسرے دن محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس ہوا جس میں میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز ایکٹ کے تحت پروونشل پالیسی بورڈ کیلئے ممبران کے چناو کے عمل کاجائزہ لیا۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے اجلاس میں ہدایت کی کہ سیکرٹری صحت بیرسٹر نبیل احمد تمام بورڈز کے ممبران کے چناؤکے عمل کی نگرانی کریں گے۔ ممبران کے چناؤ سے پہلے ان کا اکیڈمک و دیگر کیرئیرز کا ریکارڈ حاصل کیا جائے۔ ایم ٹی ایکٹ کے تحت تشکیل دئیے جانے والے مختلف بورڈزکے ممبران کا چناؤ جلد کر لیا جائیگا۔ صوبائی وزیرصحت نے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں زیرعلاج کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجہ کے اعداد و شمار کا بھی جائزہ لیا۔اجلاس میں سیکرٹری صحت برسٹر نبیل احمداعوان، وائس چانسلر نشترمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرمصطفی کمال پاشا، ڈاکٹرمحمودشوکت، منزہ ہاشمی، ایڈیشنل سیکرٹری سلمان شاہد، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹرآصف طفیل، اعجازگوہر، پروفیسرڈاکٹر مسعود صادق و دیگرافسران نے شرکت کی۔

ڈاکٹر یاسمین

مزید :

پشاورصفحہ آخر -