اداکارہ عظمیٰ خان کی ویڈیو اور سوشل میڈیا پر پراپیگنڈا، بحریہ ٹائون کے ملک ریاض حسین بھی میدان میں آگئے، دوٹوک اعلان کردیا
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کی معروف اور صف اول کی اداکارہ عظمیٰ خان اور ان کی بہن ہما خان کی موبائل کیمرے سے بنائی گئی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس نے ہنگامہ برپا کر کے رکھ دیاہے ، ویڈیو میں ایک خاتون غصے میں دونوں سے کہہ رہی ہیں کہ ” مجھے بتاﺅ کہ کیا تم میرے شوہر عثمان کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم کیے ہوئے ہے “ ، ویڈیو میں خاتون اداکارہ پر اپنے شوہر کے ناجائز تعلقات کا الزام عائد کر رہی ہے ۔اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد کئی لوگوں نے اس لڑکے" عثمان " کا رشتہ بحریہ ٹائون سے جوڑ کر پراپیگنڈا شروع کردیا اور اب اس پر بحریہ ٹائون کے بانی ملک ریاض حسین کا موقف بھی آگیا جنہوں نے دوٹوک الفاظ میں اس کی تردید کی ہے اور پراپیگنڈا کرنیوالوں کیخلاف قانونی کارروائی کا بھی عندیہ دیدیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایک مقام پر اداکارہ عظمیٰ خان ڈری ہوئی دکھائی دیتی ہیں اور خاتون کو آنٹی کہہ کر مخاطب کرتی ہیں جس پر وہ خاتون مزید غصے میں آ گئی اور کہنے لگی کہ ” میں چالیس سال کی عورت ہوں ، پاگل ہو ، مجھے آنٹی کہہ رہی ہو ، تم سے چھ سال بڑی ہوں ۔“سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے مختلف پہلوﺅں پر غور کیا جارہاہے یعنی ہر کوئی ” شیرلاک ہومز “ بن کر یہ پتا لگانے کی کوشش کر رہاہے کہ یہ عثمان کون ہے تاہم کچھ ناعاقبت اندیشوں نے عثمان کا نام سن کر اس شخص کا رشتہ بحریہ ٹائون سے جوڑدیا جو کہ بے بنیاد ہے اور پراپیگنڈا شروع کردیا۔
ویڈیو سامنے آنے اور بحریہ ٹائون انتظامیہ کا نام لیے جانے پر ملک ریاض حسین نے لکھا کہ " میں، مجھے وائرل ویڈیو کیساتھ جوڑے جانے کا بدبنیتی پر مبنی پراپیگنڈا مسترد کرتا ہوں، عثمان میرا بھتیجا یا بھانجا نہیں ہے ، اس طرح کی مجھے بدنام کرنے کی قبیح حرکت پر میں حیرت زدہ ہوں جس کیساتھ میرا کسی بھی طرح کا کوئی تعلق نہیں"
انہوں نے مزید لکھا کہ میں یہ بتانا چاہوں گا کہ میں ان لوگوں کیخلاف ہتک عزت کا کیس کروں گا جنہوں نے غلط طریقے سے اس قسم کے مکروہ واقعات کیساتھ مجھے جوڑنے کی کوشش کی "
یاد رہے کہ عظمیٰ خان نے پاکستان کی معروف فلم ” وار “ میں شان کے ساتھ ڈیبیو کیا اس کے بعد وہ ” یلغار“،” جوانی پھر نہیں آنی “ کے دونوں پارٹس میں بھی دکھائی دیں اس کے علاوہ انہوں نے فلم ” تیری میری لووسٹوری “ میں بھی کام کیا ۔ اداکارہ عظمیٰ خان نے ٹیلی ویژن پر اینٹری ” آدھی گواہی “ ڈرامے سے ماری جبکہ اس کے علاوہ انہوں نے ” میں کیسی عورت ہوں “ ڈرامے میں بھی کام کیا ۔