متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین تجارت کے وسیع امکانات موجود ہیں: فرخ حبیب

    متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین تجارت کے وسیع امکانات موجود ہیں: ...

  

 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب سے یو اے ای کے سفیر عماد عبیدابراہیم الزابی نے ملاقات کی جس میں میڈیا کے شعبہ میں تعاون، سیاحت، تجارت اور ماحولیاتی تبدیلیوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ گرین ڈپلومیسی ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی نئی راہیں فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان باہمی اعتماد پر مبنی خوشگوار تعلقات سے مستفید ہورہے ہیں۔متحدہ عرب امارات پاکستانیوں کیلئے دوسرے گھر کی طرح ہے۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت کے وسیع امکانات موجود ہیں جن کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔وزیر مملکت نے ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کی صنعت میں کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کیلئے یو اے ای کے سفیر الزابی کے فیصل آباد کے دورہ کو سراہا۔وزیر مملکت فرخ حبیب نے یو اے ای کے سفیر کو آگاہ کیا کہ پاکستان کی زرعی مصنوعات دنیا بھر میں مقبول ہیں،پاکستانی تاجروں کے ذریعے ان اشیاء کو مشرق وسطی ٰکی مارکیٹس تک رسائی ملنے سے ترقی کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ فریقین نے دونوں ممالک کی سرکاری نیوز ایجنسیز کے مابین تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔اس سے دونوں ممالک کے مابین آزادانہ معلومات کی فراہمی اور ایک دوسرے کی ثقافت کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔یو اے ای کے سفیر نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانیوں کے تعاون کو سراہا۔وزیر مملکت نے سفیر کو سماجی تحفظ پروگرام میں پاکستان کی حکومت کے مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ یو اے ای کے سفیر نے وزیر مملکت کو آگاہ کیا کہ ایکسپو 2020 میں پاکستانی تاجروں کی شرکت سے کاروبار میں ترقی اوردنیا بھر کے تاجروں سے روابط کا موقع ملے گا۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تعلقات کے 50 سال مکمل ہونا دونوں برادر ممالک کیلئے اہم سنگ میل ہے، 50سالہ تعلقات کی تقریبات مل کر منائیں گے۔ انہوں نے ولی عہد شہزادہ ابو ظہبی شیخ محمد بن زید بن سلطان النہیان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ 

 فرخ حبیب

مزید :

علاقائی -