متحدہ طلبہ محاذ کاملک گیر ”فلسطین حمایت مہم“ چلانے کا اعلان 

متحدہ طلبہ محاذ کاملک گیر ”فلسطین حمایت مہم“ چلانے کا اعلان 

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)متحدہ طلبہ محاذ کے مرکزی رہنماؤں ملک موسیٰ کھوکھر،عارف حسین،فرحان عزیز،محسن ریاض گوندل،رانا محمد ارشد،محمداکرم رضوی،سعد سعید،حافظ عامر شہزاد، یاسر عباسی،اور دیگر نے پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک گیر”فلسطین حمایت مہم“ چلانے کا اعلان کردیا۔مہم کے دوران 30جون کولاہور میں آل پارٹیزطلبہ کانفرنس منعقد ہوگی جس میں ملک گیر طلبہ تنظیموں کے صدور شریک ہونگے جبکہ متحدہ طلبہ محاذ کا وفد مختلف ممالک کے سفیروں سے ملاقات کرے گا اور مسلم حکمرانوں کو خطوط لکھ کر مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی جائے گی۔ فلسطین حمایت مہم کے دوران چھوٹے بڑے شہروں سمیت ملک بھر میں اسرائیلی مظالم کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور القدس ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔ متحدہ طلبہ محاذ کے قائدین کا کہنا تھا اقوام متحدہ غزہ میں انسانی ایمرجنسی کا اعلان کرے۔ اسرائیلی حکمرانوں پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلایا جائے۔ غزہ میں بین الاقوامی حفاظتی فوج تعینات کی جائے۔ مسئلہ فلسطین کے ایجنڈے پر اسلامی سربراہی کانفرنس بلا کر مشترکہ لائحہ عمل بنایا جائے۔اسلامی ممالک اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔40ممالک کا اسلامی اتحاد اسرائیل کیخلاف اپنی حکمت عملی کا اعلان کرے۔قبلہ اوّل کی آزادی کیلئے اسلامی ممالک کا اتحاد ضروری ہے۔ اسرائیل نے فلسطینی مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔ مسلم حکمران مصلحتیں چھوڑ کر مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے حق میں مشترکہ آواز اٹھائیں۔ قبلہ اوّل پر یہودیوں کا قبضہ امت مسلمہ کی غیرت کیلئے عظیم چیلنج ہے۔انسانی حقوق کے عالمی ٹھیکیداروں کی اسرائیلی دہشت گردی پر خاموشی شرمناک ہے۔فلسطین اور بیت المقدس پر بروز طاقت قبضہ کرنے والوں کے خلاف جہاد فرض ہو چکا ہے۔ او آئی سی اسرائیلی جارجیت کے خلاف ٹھوس اور فوری اقدامات کرے۔ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل کی جانبداری قابل مذمت ہے۔اسرائیلی مظالم کیخلاف عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں کیوں خاموش ہیں۔امت مسلمہ کے تمام مسائل کا واحدحل اتحاد امت اور ملی وحدت میں مضمر ہے۔عرب ممالک تیل کی سپلائی بند کر کے امریکہ کو اسرائیل نواز فلسطین پالیسی تبدیل کرنے پر مجبور کر سکتے ہیں۔ مسلم ممالک اپنی اسلامی اقوام متحدہ بنائیں۔ استعمار فلسطین کو زیادہ دیر غلام نہیں رکھ سکتا۔ امریکہ کی فلسطین پالیسی اسلام دشمنی پر مبنی ہے۔ اہل حق امریکہ کی استعماریت اور سامراجیت کیخلاف مزاحمت کریں گے۔

  متحدہ طلبہ محاذ

مزید :

صفحہ آخر -