عوام کی خدمت عبادت اور دلی سکون کے حصول کا ذریعہ،اسلم اقبال

 عوام کی خدمت عبادت اور دلی سکون کے حصول کا ذریعہ،اسلم اقبال

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت عبادت اور دلی سکون کے حصول کا ذریعہ ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کو تعلیم،صحت، پینے کے صاف پانی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ کمزور طبقات کی زندگیوں میں آسانیاں لانے کیلئے اربوں روپے کی سکیمیں تیزی سے مکمل کی جارہی ہیں۔ عوام کی خدمت کیلئے ہمہ وقت حاضر ہوں اور میرے دروازے ہمیشہ عوام کے لئے کھلے ہیں۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار صوبائی حلقہ 151کے علاقہ سوڈیوال میں ہسپتال کے دورے اور فراہمی آب کی سکیم کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے گورنمنٹ رانا عبدالرحیم خان میموریل ہسپتال سوڈیوال کا دورہ کیا اور ہسپتال میں مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولتوں کا جائز لیا اور زیر علاج مریضوں کی خیریت دریافت کی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہسپتال میں ویکسی نیشن کا عمل بھی جلد شروع کیا جارہا ہے۔ جس سے علاقے کے لوگوں کو سہولت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ سمن آباد کالج میں 20 کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام کروائے جارہے ہیں۔حلقہ کے سکولوں کو اپ گریڈ اور پارکوں کو خوبصورت بنایا جارہا ہے۔ تحریک انصاف سمن آبادجنرل سیکرٹری میاں امجد اقبال نے فراہمی آب کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ اہل علاقہ نے ترقیاتی منصوبوں پر صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال سے تشکر کا اظہار کیا۔

اسلم اقبال 

مزید :

صفحہ آخر -