نجی کمپنی کی جانب سے جنرل ہسپتال کیلئے ایک ہزار پی پی ای کٹس عطیہ

    نجی کمپنی کی جانب سے جنرل ہسپتال کیلئے ایک ہزار پی پی ای کٹس عطیہ

  

لاہور(جنرل رپورٹر) جنرل ہسپتال کے فرنٹ لائن ورکرز کیلئے معروف نجی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو محمد اْنس سے ایک ہزار پی پی ای کٹس کا عطیہ وصول کرتے ہوئے پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے دوران موجودہ حکومت کی دن رات جدوجہد،مخیر حضرات کے تعاون اور عوام میں آگاہی پھیلانے کیلئے میڈیا کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا جن کی مشترکہ کاوشوں نے قوم کو اس مشکل صورتحال سے نکلنے میں مدد دی۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مدد اور نصرت کے بعد میڈیکل پروفیشنلز کاخطرناک وبا کے دوران بھی اپنی جانیں داؤ پر لگا کر دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ برقرار رہا ہے جسے آئندہ بھی قائم رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور مذکورہ کوششوں سے کورونا کیسز کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہو رہی ہے۔

 تاہم اس صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے موجودہ جدوجہد کو جاری رکھنا ہوگا۔اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالرزاق اورڈاکٹر عبدالعزیز و دیگر موجود تھے۔پروفیسر الفرید ظفرنے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ہدایت پر صوبے بھر میں کورونا سینٹر زکی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے جس سے لوگوں کو کسی دشواری کا سامنا کیے بغیر ویکسین کروا رہے ہیں۔ لہذا شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ حکومت کی طرف سے مفت سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ویکسی نیشن لگوا کر اپنی اور دوسروں کی زندگیاں محفوظ بنائیں۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے پی پی ای کٹس کا عطیہ کرنے پر چیف ایگزیکٹو محمد اْنس اور اْن کی کمپنی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں اپنی آمدن کی رقم نیک کاموں میں صرف کرنے والے لوگوں کی کمی نہیں بلکہ پاکستانی قوم فلاحی کاموں کے لئے عطیات دینے میں سب سے آگے ہے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ اس طرح کی کاوشوں کے ساتھ ساتھ ہمیں امراض سے بچاؤ کیلئے بھی احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا ہوگا اور بالخصوص موسمی و متعددی امراض کے بارے شہریوں کو آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔ اپنی گفتگو میں چیف ایگزیکٹو محمد اْنس نے کہا کہ اْن کی کمپنی ایسی انسانی خدمت کیلئے آئندہ بھی اپنا حصہ ڈالتی رہے گی۔ 

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -