مہنگائی کی وجہ سے متوسط طبقہ کی قوت خرید متاثر ہوئی،ملک نعیم

  مہنگائی کی وجہ سے متوسط طبقہ کی قوت خرید متاثر ہوئی،ملک نعیم

  

لاہور(سٹی رپورٹر) مرکزی تنظیم تاجران لاہور کے سینئر وائس چیئرمین ملک محمد نعیم نے ملکی حالات کو غیر ہموار معاشی صورت حال قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی بے رحم لہر سے عوام اور متوسط طبقے کی قوت خرید میں شدید کمی آئی ہے۔ حکومت بجٹ میں تاجروں سرمایہ کاروں اور کاروباری مراکز کیلئے ریلیف دینے کا اعلان کرے۔ بجٹ میں ضروریات زندگی کی اشیا سے ٹیکس میں پچاس فیصد کمی کا اعلان کیا جائے۔ آٹا چینی گھی دالیں اور بنیادی ضروریات زندگی میں عوام کو ریلیف دیا جائے۔ 

ملک کے معاشی حالات شدید ترین مہنگائی کا مقابلہ کرنے کی سکت نہیں رکھتے۔ لاک ڈاون اور کاروباری پابندیوں بندشوں نے ملک کے تمام شعبہ ہائے زندگی کو متاثر کرکے رکھ دیا ہے۔ بے روزگاری غربت اور معاشی بدحالی کے گراف کو کنٹرول کرنے کیلئے حکومت ہنگامی بنیادوں پر سخت فیصلے لیتے ہوئے مڈل کلاس اور لوئر مڈل کلاس سمیت ملک کے صنعتکار اور تاجر طبقے کیلئے یکساں بنیادوں پر بجٹ میں ریلیف کا اعلان کرے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان ملک میں معاشی ترقی کو ریورس گیئر سے نکال کر باہر لائیں۔ قومی معاشی حکمت عملی میں عوام الناس کے اکثریتی طبقے کاروباری سیکٹر کو خصوصی ریلیف دینے کا اعلان کیا جائے۔ تاجروں کو ٹیکسوں میں سبسڈی دی جائے۔ انکم ٹیکس سیلز ٹیکس اور ڈیوٹیز میں واضع کمی کا اعلان کرکے ترقی و خوشحالی کی راہیں کھولی جائیں۔ تاجر اور مارکیٹوں میں موثر کاروباری سرگرمیوں کے اثرات بتدریج ملک میں خوشحالی اور ترقی کے نئے دور کے آغاز کی راہ ہموار کریں گے۔ قومیں حالات کو محنت عزم اور جدوجہد سے شکست دے کر جیت اپنے نام کرتی ہیں حکومت تاجر برادری کے ملک وقوم کو در پیش ہر بحران میں ذمہ دارانہ کردار کو تسلیم کرتے ہوئے بزنس کمیونٹی کو ریلیف دے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -