چودھری نثار علی نے غیرمعمولی سکیورٹی میں رکن پنجاب اسمبلی کا حلف اٹھالیا

  چودھری نثار علی نے غیرمعمولی سکیورٹی میں رکن پنجاب اسمبلی کا حلف اٹھالیا

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بطور رکن پنجاب اسمبلی کا حلف اٹھا لیا ہے۔چوہدری نثار علی خان سے حلف قائم مقام سپیکر سردار دوست محمد مزاری نے لیا۔چوہدری نثار علی خان نے دو سال 10 ماہ بعد رکن پنجاب اسمبلی کا حلف اٹھا یا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ 48 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔اجلاس کی صدارت قائمقام سپیکر سردار دوست محمد مزاری نے کی۔اجلاس میں تلاوت کلام پاک کے بعد چوہدری نثار علی خان نے حلف اٹھایا۔اس سے قبل وہ حلف اٹھانے کے لئے سپیکر چیمبر سے حکومتی ارکان کے داخل ہونے والے راستے سے ایوان کے اندر گئے۔انہوں نے حکومتی بنچوں پر بیٹھ کر حلف اٹھایا۔حلف اٹھانے کے بعد قائم مقام سپیکر نے انہیں اسمبلی کے فلور پر بات کرنے کی دعوت دی مگر انہوں نے فلور پر کوئی بات نہ کی اور چند منٹ ایوان میں بیٹھنے کے بعد وہ میڈیا سے کوئی بھی رسمی بات چیت کئے بغیر روانہ ہو گئے۔چودھری نثار نے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے سکیورٹی کیلئے 60لوگوں کو بلایا، چودھری نثار نے پنجاب اسمبلی میں حلف کے موقع پر حلقے کے ساٹھ لوگوں کے نام اسمبلی سیکرٹریٹ سے منظور کروائے، ذرائع اسمبلی کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے سخت سکیورٹی اقدامات، کسی کو بھی سپیکر چیمبر آنے سے روک دیا گیا جب تک چودھری نثار حلف نہیں لے لیتے کسی کو احاطہ میں کھڑا بھی نہیں ہونے نہیں دیا گیا۔یہاں پر یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس قدر سخت سکیورٹی اور پروٹوکول قائد ایوان وزیر اعلی پنجاب اور سپیکر پنجاب اسمبلی کی آمد کے دوران ہی دیکھا جاتا ہے۔

چودھری نثار کا حلف

مزید :

صفحہ اول -