ماضی میں ماڈل ریلوے سٹیشنوں کے نام پر اربوں روپے ضائع کئے گئے: اعظم سواتی 

ماضی میں ماڈل ریلوے سٹیشنوں کے نام پر اربوں روپے ضائع کئے گئے: اعظم سواتی 

  

 اوکاڑہ،لاہور(نامہ نگار،بیورورپورٹ،لیڈی رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی ریلوے ٹریک اور ریلوے اسٹیشن کی انسپکشن کے لئے اسپیشل ٹرین کے ذریعے اوکاڑہ پہنچے، وزیر ریلوے نے اسٹیشن بلڈنگ کا استعمال درست نہ ہونے پر ناگواری کا اظہار کیا،انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ماضی میں محکمہ کو بے دردی سے لوٹا گیا ایسی عمارتیں بنائی گئیں جن کا ریلوے آمدن بڑھانے کے حوالے سے کوئی کردار نہ تھا، اعظم سواتی نے لاہور سے اوکاڑہ کے درمیان ریلوے ٹریک کی انسپکشن کے ساتھ ریلوے اسٹیشن بلڈنگز کی انسپکشن کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے  اربوں روپے سے نئے ماڈل ریلوے اسٹیشنوں کی بلا مقصد عمارتیں تعمیر کروا کے خزانے کو ضائع کیا، ایسی عمارتیں تعمیر کی گئیں جن کا ریلوے نظام سے کوئی تعلق ہی نہ تھا،عجلت میں ماضی کی حکومتوں میں نا مکمل منصوبوں کا افتتاح کیا گیالیکن ہم محکمے کو بزنس پلان کے مطابق چلانے کی کوشش کر رہے ہیں پریم نگر ڈرائی پورٹ کو بھی بزنس پوائنٹ کے اعتبار سے چلائیں گے،انہوں نے کہا اوکاڑہ اور رائیونڈ سٹیشن پر کوئی ٹرین 0riginate نہیں ہوتی تو پھر اتنی بڑی بلڈنگز پر وسائل کیوں ضائع کئے گئے ہیں ونڈو ٹریلنگ انسپکشن کے دوران ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ناصر خلیلی اور دیگر افسرا ن بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر نے کہا جن افسران نے ریلوے کا نقصان کرایا ہے ان کے خلاف انکوائریاں کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمارتیں دیکھ کر دل دکھ رہا ہے دل کرتا ہے ان عمارتوں کو کسی یونیورسٹی یا تعلیمی اداروں کے حوالے کر دیا جائے۔ اس دوران میڈیا نے آٹھ سال سے بند ریلوے کراسنگ کھولنے، اسٹیشن کی مارکیٹ کرایہ پر دینے کے لئے ریزرو پرائس کم کرنے، پلیٹ فارم نمبر ایک سے دو تک جانے کے لیے پل تعمیر کرنے اور دیگر مسائل حل کرنے کی جانب توجہ مبذول کروائی جس پر وفاقی وزیر نے مسائل فوری حل کرنے کی یقین دہانی کروائی وفاقی وزیر نے سیاسی گفتگو سے اجتناب کرتے ہوئے سیاسی سوالوں کے جوابات سے گریز کیا تاہم انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اپنی سیاسی موت مر چکی ہے اس دوران ریلوے کے اعلیٰ افسران اور ریلوے سیکورٹی کے افسران بھی موجود تھے۔واضح رہے اوکاڑہ ضلع سے تعلق رکھنے والی پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے کسی ٹکٹ ہولڈر یا ضلعی عہدیدار نے اعظم سواتی سے ملاقات نہیں کی اور نہ ہی اسٹیشن پر پی ٹی آئی کی مقامی قیادت موجود تھی۔

اعظم سواتی

مزید :

پشاورصفحہ آخر -