خیبر پختونخوا میں مختلف اعلٰی عہدوں پر اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی کیساتھ ادا کی ہیں: ڈاکٹر کاظم نیاز

خیبر پختونخوا میں مختلف اعلٰی عہدوں پر اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی کیساتھ ادا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 پشاور(سٹاف رپورٹر)چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے سابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری شکیل قادر کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا۔ چیف سیکرٹری سمیت دیگر اعلی عہدیداروں نے تقریب میں شرکت کی۔الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ شکیل قادر انتہائی قابل اور باصلاحیت افسران میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں مختلف اعلی عہدوں پر اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی کیساتھ ادا کی ہیں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبے کے لئے شکیل قادر کی گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ انہوں نے شکیل قادر کو چیف سیکرٹری حکومت آزاد ریاست جموں و کشمیر تعیناتی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت انکی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔اس موقع پر چیف سیکرٹری نے سابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری شکیل قادر کو صوبے میں بہترین خدمات کے اعتراف میں شیلڈ پیش کیا۔ تقریب میں شریک دیگر اعلی عہدیداروں نے بھی انکی صوبے کے لئے بہترین خدمات کی توصیف کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اسی محنت اور جذبے کے ساتھ  ملک کے لئے بھی اپنی خدمات  کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے شکیل قادر کو چیف سیکرٹری حکومت آزاد ریاست جموں و کشمیر تعیناتی پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

مزید :

صفحہ اول -