عدالت کا کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گرفتار دلہے اور باراتیوں کو رہا کرنے کا حکم
کراچی(ویب ڈیسک)شہر قائد کی مقامی عدالت نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گرفتار دولہے کو رہا کرنے کا حکم جاری کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق مقامی عدالت نے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شادی کی تقریب منعقد کرنے کے الزام میں گرفتار دولہے اور باراتیوں کو ذاتی مچلکے پر رہا کرنے اور ضابطہ فوجداری کی دفعہ 63 کے تحت مقدمہ ختم کرنے کا حکم دے دیا۔
کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں پولیس نے اورنگی ٹاؤن میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شادی کی تقریب منعقد کرنے کے الزام میں گرفتار دولہے اور باراتیوں کو پیش کیا گیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لاک ڈاؤن اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مقدمات ضلعی انتظامیہ کی مدعیت میں درج ہونے چاہیئے۔ عدالت نے کہا کہ پولیس کو اپنی مدعیت میں دفعہ 188 کے مقدمات درج کرنے کا اختیار نہیں، عدالت نے ذاتی مچلکے پر دولہے اور دیگر شہریوں کو رہا کرنے اور ضابطہ فوجداری کی دفعہ 63 کے تحت مقدمہ ختم کرنے کا حکم دے دیا۔