مسئلہ فلسطین کے اہم معاملے پر بے عملی اقوام متحدہ کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے ، صدر جنرل اسمبلی

مسئلہ فلسطین کے اہم معاملے پر بے عملی اقوام متحدہ کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ...
مسئلہ فلسطین کے اہم معاملے پر بے عملی اقوام متحدہ کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے ، صدر جنرل اسمبلی

  

اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر نے کہا کہ جنرل اسمبلی نے گزشتہ ہفتے فلسطین کی صورتحال پر اجلاس بلایا جس کا مقصد سکیورٹی کونسل کی خاموشی کا ازالہ کرنا تھا ، اہم معاملے پر بے عملی اقوام متحدہ کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے ۔

اسلام آباد میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکن بوزکر نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے، شاہ محمود قریشی نے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطینیوں کیلئے بھرپور  آواز اٹھائی اور ان کے موقف کی حمایت کی ، امید ہے سکیورٹی کونسل میں بھی اس اہم مسئلے پر متفقہ آواز اٹھائی جائیگی ۔ اسرائیلی قبضے کو ختم کرانے کیلئے اس وقت مذاکرات کی ضرورت ہے ۔فلسطین پر اسرائیلی جارحیت میں بچے اور خواتین بھی شہید ہوئیں ۔

وولکن بوزکر کا کہنا تھاکہ افغانستان میں بھی امن کی بحالی کی فوری ضرورت ہے ، پاکستان نے عالمی امداد کے بغیر 40 سال تک افغان مہاجرین کا بوجھ اٹھایا ، مصیبت کی گھڑی میں افغان مہاجرین کو پناہ دی ، افغانستان اور پاکستان میں امن علاقائی ترقی کیلئے لازم ہے ، پاکستان کی قیادت نے افغان امن کیلئے مثبت کردار ادا کیا۔ کورونا ویکسین امیر اور غریب ممالک کی یکساں ضرورت ہے، کورونا کے خلاف پاکستان نے جو کچھ کیا اس پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، گزشتہ سال جب آیا تھا تب بھی  پاکستان کی صورتحال نسبتاً بہتر تھی، پاکستانی حکومت کے اقدامات کے باعث حوصلہ افزا نتائج آرہے ہیں ۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کا کہنا تھا کہ مجھے جموں و کشمیر کی صورتحال کا بھی علم ہے ، مجھے ادراک ہے کہ ایک عام پاکستانی کشمیر کے حوالے سے کیامحسوس  کرتا ہوگا، کشمیر تنازعہ بھی اتنا ہی پرانا ہے جتنا فلسطین کا ، پاکستان اور بھارت اس مسئلے کے حل کیلئے پر امن طور پر چلیں ، ہمیشہ فریقین پر زور دیا کہ زمینی حقائق بدلنے کی کوشش نہ کریں ۔کورونا وبا نے دنیا میں بڑے مسائل کو جنم دیا، ان مسائل کا حل مشترکہ لائحہ عمل سے ہی ممکن ہے ، کورونا نے معاشرتی ، سیاسی اور معاشی مسائل کو بڑھایا ہے ۔

وولکن بوزکر نے کہا کہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں رقم کی غیر قانونی منتقلی روکنے پر زور دینے پر وزیر اعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، منیر اکرم اقوام متحدہ میں پاکستان کی زبردست نمائندگی کر رہے ہیں ۔پاکستان کی کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن پر خواتین کی پہلی ٹیم کی تعیناتی پر داد دیتا ہوں، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں خطاب میرے لئے بڑا اعزاز ہے ، یہاں سے تربیت یافتہ متعدد افراد چھ عشروں سے آرمی امن کوششوں میں اپنا کردار کر رہے ہیں ۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر نے کہا کہ پاکستانی افواج ، پولیس اور سول دستوں کی پیشہ وارانہ صلاحیت اور جذبے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ یہ مشکل ترین حالت میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں ۔ پاکستانی فوج اور پولیس اپنی جان خطرے میں ڈال کر غیر محفوظ لوگوں کی حفاظت کر رہی ہیں ۔

مزید :

اہم خبریں -