امریکی ریاست کیلی فورنیا میں فائرنگ ، اتنے افراد مارے گئے کہ ہر طرف تھرتھلی مچ گئی
کیلی فورنیا(ڈیلی پاکستان آن لائن ) امریکا کی ریاست کیلیفورنیا میں ریلوے مرکز میں ملازم کی فائرنگ کے نتیجے میں مشتبہ حملہ آور سمیت 9 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ کئی افراد زخمی ہیں ،فائرنگ کے بعد بھگدڑ مچ گئی اور ہر طرف افراتفری پھیل گئی ،پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مقامی پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ سان فرانسسکو کے جنوب میں واقع شہر سان ہوزے کے پبلک ٹرانزٹ مینٹیننس یارڈ میں پیش آیا۔سانتا کلارا کاؤنٹی شیرف ڈپٹی رسل ڈیوس نے صحافیوں کو بتایا کہ کمپاؤنڈ میں دھماکہ خیز آلات کی موجودگی کی اطلاعات کے بعد بم سکواڈ تعینات کیا گیا تھا اور عمارت کے ہر کمرے اور جگہ کو کلیئر کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اب تک 8 متاثرین اور ایک مشتبہ شخص کو مردہ قرار دیا گیا ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔رسل ڈیوس نے مقامی ویلی ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مشتبہ شخص وی ٹی اے کا ملازم ہے۔رپورٹ کے مطابق علی الصبح 911 کے ذریعے فائرنگ کی متعدد اطلاعات کی تفتیش کے لیے پولیس جائے وقوع پر پہنچی تاہم اس حوالے سے فوری طور پر کوئی تفصیلات نہیں مل سکیں کہ حملہ آور کو پولیس نے مارا یا اس نے خود اپنی جان لی یا اس نے کس قسم کا ہتھیار استعمال کیا تھا۔